Thursday, April 18, 2024

ایف آئی اے لاہور نے منی لانڈرنگ پر چودھری مونس الہی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا

ایف آئی اے لاہور نے منی لانڈرنگ پر چودھری مونس الہی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا
June 15, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - ایف آئی اے لاہور نے منی لانڈرنگ پر چودھری مونس الہی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

مقدمہ ایف آئی اے کی 2020 کی انکوائری رپورٹ کے مدنظر درج کیا گیا۔ ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 2020 کی انکوائری رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے تحقیقات کرے کہ شوگر مل کے اثاثوں میں 2008 میں 720 ملین کا اضافہ کیسے ہوا۔ بینک ریکارڈز کے مطابق نواز بھٹی اور مظہر عباس کے اکاؤنٹس میں چوبیس بلین کی ٹرانزیکشنز ہوئیں۔

مقدمے میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی، ان کے بھتیجے واجد احمد خان بھٹی ، مخدوم عمر شہریار، طارق جاوید بھی نامزد ہیں۔

مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما نے ایف آئی اے دفتر پیش ہونے کا فیصلہ کر لیا۔ چودھری مونس الہی نے 92 نیوز سے گفتگو میں کہا کہ وہ پہلے بھی ایسی انتقامی کاروائیوں کا سامنا کر چکے ہیں۔

مونسی الہی کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج ہونے سے پہلے ایف آئی اے کی طرف سے کوئی نوٹس، رابطہ، فون کال نہیں کی گئی۔ ان کے تمام اثاثے ڈکلیئرڈ ہیں۔