Saturday, July 27, 2024

اُمید ہے پاکستان اکتوبر تک گرے لسٹ سے نکل جائیگا، حنا ربانی کھر

اُمید ہے پاکستان اکتوبر تک گرے لسٹ سے نکل جائیگا، حنا ربانی کھر
June 18, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیرمملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر کا کہنا ہے کہ ایف اے ٹی ایف ممبران نے پاکستان کی کارکردگی کو سراہا۔

دفترخارجہ میں پریس بریفنگ میں حنا ربانی کھر کا کہنا ہے فیٹف نے تسلیم کیا کہ پاکستان نے اپنی شرائط پوری کیں۔ خوشی ہے ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو کلیئر کر دیا۔ جن کو یہ کریڈٹ چاہئے انہیں تمغے دینے کے لئے تیار ہیں۔ گرے لسٹ سے نکلنے سے پاکستان کے معاشی حالات بہتر ہوں گے۔ پاکستان کے 2011 کے ایکشن پلان نے 7 پوائنٹس ایک برس قبل ہی مکمل کر لیے۔ پہلے ایکشن پلان کی تکمیل میں وقت لگا مگر دوسرا جلد مکمل کیا گیا۔ ایف اے ٹی ایف نے بھی پاکستان کی کارکردگی کو سراہا۔ اب ایف اے ٹی ایف نے اپنی تکنیکی ٹیم کو پاکستان کے آن سائیٹ وزٹ کی اجازت دے دی ہے۔ جب کسی ملک کو گرے لسٹ سے نکالا جاتا ہے تو اس تکنیکی ٹیم کو وزٹ کی اجازت دی جاتی ہے۔ امید ہے جلد پاکستان گرے لسٹ سے باہر ہو گا۔ ہم کوشیش کر رہے ہیں کہ ایف اے ٹی ایف کی تکنیکی ٹیم اکتوبر سے قبل اپنا کام مکمل کر کہ رپورٹ جمع کرائے۔

حنا ربانی کھر نے کہا پاکستان کا ایف اے ٹی ایف اور عالمی برادری سے تعاون اپنی معیشت کو بہتر بنانے کی تزویراتی کوشیشوں کا حصہ ہے۔ ہماری ٹیم نے بہت عمدہ کام کیا اور مشکل ترین اہداف حاصل کیے۔ قومی اور صوبائی اداروں نے بھی اپنا کام بہترین انداز میں کیا۔ ہم اب اپنی موجودہ پوزیشن جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ ہماری یہ کوشیش دیگر ممالک کے لیے ایک رول ماڈل ہیں۔ یقین ہے کہ ہم جلد ہی تکنیکی ٹیم کا دورہ مکمل کر کہ رپورٹ جمع کرائیں گے۔