Tuesday, April 23, 2024

لاہور سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں بجلی کا بریک ڈاون

لاہور سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں بجلی کا بریک ڈاون
October 2, 2016
لاہور (92نیوز) منگلا پاور اسٹیشن میں فنی خرابی کے باعث لاہور سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں بجلی کا بریک ڈاون۔ بیشتر حصے تاریکی میں ڈوبے رہے۔ لیسکو حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ چالیس فیصد سے زائد علاقوں میں بجلی بحال کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب پاور پلانٹ میں فنی خرابی کے باعث لاہور سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں بجلی کا بڑا بریک ڈاون ہوا جس کی وجہ سے لاہور کے 80 فیصد سے زائد علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔ جھنگ‘ شور کوٹ اور ملحقہ علاقوں میں کئی گھنٹے تک بجلی بند رہی جبکہ چیچہ وطنی میں چار گھنٹے تک بجلی غائب رہی۔ لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ چالیس فیصد سے زائد علاقوں میں بجلی کی سپلائی بحا ل کر دی گئی ہے۔ ادھر طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ساہیوال اور قادر آباد کے متعدد دیہات میں ہفتے کی دوپہر سے بجلی بند ہے۔ منڈی بہاوالدین اورگردونواح میں اعلانیہ اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کئی گھنٹوں سے تجاوز کر گیا جس کے باعث شہریوں کو پانی کے حصول میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔