Friday, March 29, 2024

نااہلی کیسز : عمران خان‘ کیپٹن صفدر سے 22 نومبر تک جواب طلب

نااہلی کیسز : عمران خان‘ کیپٹن صفدر سے 22 نومبر تک جواب طلب
November 16, 2016
اسلام آباد (92نیوز) الیکشن کمیشن میں عمران خان‘ جہانگیر ترین اور کیپٹن صفدر کی نااہلی کے ریفرنسز کی سماعت میں درخواست گزار پیش نہیں ہوئے۔ الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے سربراہ سے بائیس نومبر تک جواب طلب کر لیا۔ درخواست گزاروں کو نوٹس بھی جاری کر دیے گئے۔ جہانگیر ترین نے اپنے خلاف نااہلی ریفرنس مسترد کرنے کی استدعا کر دی۔ تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سردار رضا نے عمران خان کی نااہلی سے متعلق ریفرنس کی سماعت کی۔ عمران خان کی جانب سے ان کے وکیل پیش ہوئے تاہم درخواست گزار پیش نہیں ہوا۔ عمران خان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار کی عدم دلچسپی کے باعث کیس کو خارج کر دیا جائے۔ الیکشن کمیشن نے عمران خان سے 22 نومبر تک جواب طلب کرتے ہوئے درخواست گزار کو بھی نوٹس جاری کر دیا۔ سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عمران خان کے وکیل کاکہناتھا کہ الیکشن کمیشن کو مذاق نہ بنائیں۔ جہانگیر ترین کی نااہلی کے ریفرنس کی سماعت کے دوران درخواست گزار کی عدم موجودگی پر چیف الیکشن کمشنر برہم ہو گئے۔ الیکشن کمیشن نے کیپٹن صفدر سے بھی 22نومبر تک تحریری جواب طلب کر لیا۔