Thursday, March 28, 2024

الیکشن کمیشن نے نااہلی کیس میں عمران خان کو یکم دسمبر کو طلب کر لیا

الیکشن کمیشن نے نااہلی کیس میں عمران خان کو یکم دسمبر کو طلب کر لیا
October 18, 2016
اسلام آباد (92نیوز) الیکشن کمیشن نے نااہلی کیس میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو یکم دسمبر کےلئے نوٹس جاری کر دیا۔ چیف الیکشن کمشنر کہتے ہیں عمران خان نے کون سے ممنوعہ ذرائع سے فنڈز وصول کئے؟ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں عمران خان کی نااہلی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیے کہ تحریک انصاف کی اپنی دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ امریکہ میں غیرملکیوں نے پارٹی کےلئے فنڈز اکٹھے کئے۔ پی ٹی آئی بیرونی فنڈز پر چلنے والی سیاسی جماعت ہے۔ عمران خان نے سیاسی جماعت کے لیے ممنوعہ طریقے سے فنڈز لیے۔ انہوں نے فنڈز نہ لینے کے حوالے سے الیکشن کمیشن میں غلط سرٹیفکیٹ بھی پیش کئے۔ وہ آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے جس پر چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ عمران خان نے کون سے ممنوعہ ذرائع سے فنڈز وصول کئے ہیں؟ الیکشن کمیشن نے کیس کو پی ٹی آئی پارٹی فنڈز سے متعلق کیس سے منسلک کرتے ہوئے عمران خان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت یکم دسمبر تک ملتوی کر دی۔