راولپنڈی (92 نیوز) - بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں ہیضے سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اب تک 54 دیہات اور کالونیوں میں پینے کا صاف پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ آبادی کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے 63 واٹر باؤزر لگائے گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پیر کوہ کے علاقے میں فعال تالابوں سے بھی مکمل کلورینیشن کے بعد پانی کی پمپنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے جس سے امدادی سرگرمیوں میں مزید سہولت ہو گی۔ پاک فوج کی میڈیکل ٹیموں کی جانب سے علاقے کے 3500 سے زائد مریضوں کو طبی امداد فراہم کی جا چکی ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے حکام نے بھی ڈیرہ بگٹی کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور پاک فوج سمیت دیگر اداروں کی امدادی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا۔