Rawalpindi (92 news) - ملک بھر میں ڈینگی مچھروں کے وار جاری ہیں، بینظیر بھٹو اسپتال میں زیرعلاج 45 سالہ خاتون دم توڑ گئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران راولپنڈی میں ڈینگی کے 110 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
جاں بحق ہونے والی 45 سالہ خاتون کو 20 ستمبر کو بے نظیر بھٹو اسپتال کے ڈینگی وارڈ میں داخل کیا گیا جو انتقال کر گئی ہے۔ خاتون کنٹونمنٹ ایریا کے مصریال روڈ کی رہاشی تھی۔ ڈینگی کا شکار ہو کر مرنے والوں کی تعداد 5 ہوگئی۔
گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 110 افراد میں ڈینگی پازیٹیو ہونے کی تصدیق بھی ہوئی ہے۔ ابتک ڈینگی سے متاثرہ کنفرم مریضوں کی تعداد 960 تک پہنچ گئی ہے۔
راولپنڈی کے اسپتالوں میں زیر علاج ڈینگی پازٹیو کے مریضوں کی
تعداد 185 ہوگئی۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ رواں برس ڈینگی لاروا ملنے پر شہریوں اور کاروباری حلقوں کے خلاف 3272 ایف آئی آرز درج ہیں۔ 1322 عمارتیں سر بمہر اور 2409 چالان ٹکٹ جاری کیے گئے ہیں۔ کارروائیوں کے دوران ایک کروڑ 62 لاکھ 93 ہزار روپے جرمانہ بھی کیا گیا۔