Saturday, September 21, 2024

ڈیلی میل کی معافی کے بعد عمران خان اور ان کی پارٹی کا سر شرم سے جھک جانا چاہیے، نواز شریف

ڈیلی میل کی معافی کے بعد عمران خان اور ان کی پارٹی کا سر شرم سے جھک جانا چاہیے، نواز شریف
December 10, 2022 ویب ڈیسک

لندن (92 نیوز) - قائد مسلم لیگ نون نواز شریف کا کہنا ہے ڈیلی میل کی معافی کے بعد عمران خان اور ان کی پارٹی کا سر شرم سے جھک جانا چاہیے۔

نواز شریف نے کہا برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی پہلے ہی شہباز شریف کو کلین چٹ دے چکی ہے۔ مریم نواز کے حق میں فیصلہ بھی عدم شواہد کی بنا پر آیا۔ بچے بچے کی زبان پر توشہ خانہ کی چوری کے قصے ہیں۔ آج پاکستان کا یہ حال ہے کہ غریب  آدمی بچوں کا پیٹ تک نہیں پال سکتا۔ دو ہزار سترہ میں ملک بلندیوں کی طرف جا رہا تھا، بجلی کے کارخانے لگائے، لوڈشیڈنگ ختم کی، بیٹے سے  تنخوا ہ نہ لینے پر نااہل کر دیا گیا۔

 قائد مسلم لیگ نون نواز شریف بولے یہ لوگ ملک سے باہر ملک کی بدنامی کا سبب بنے ۔ جسٹس(ر) شوکت صدیقی اور جج ارشد ملک کیا کہہ گئے۔ خود ثاقب نثار کی آڈیو لیکس ہوئیں ۔ یہ سب ہماری بے گناہی کے ثبوت ہیں۔ عمران خان پر کرپشن کے الزامات نہیں بلکہ ثابت شدہ کرپشن ہے۔ جو شخص خود سر سے پاؤں تک کرپشن میں ملوث ہے وہ الزامات لگا رہا ہے۔