Saturday, May 18, 2024

دیامربھاشاڈیم منصوبہ، تھور اور ہربن قبائل میں حدود کا مسئلہ حل

دیامربھاشاڈیم منصوبہ، تھور اور ہربن قبائل میں حدود کا مسئلہ حل
January 11, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) دیامربھاشاڈیم منصوبے پر اہم پیش رفت ہو گئی۔ گرینڈ جرگہ نے تھور اور ہربن قبائل کے درمیان حدود کا دیرینہ مسئلہ حل کر لیا۔

گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں حدود کا مسئلہ حل ہونے کی راہ بھی ہموار ہو گئی۔ تنازعہ کے حل کا اعلان 26 رکنی گرینڈ جرگہ نے دیامربھاشا ڈیم پراجیکٹ سائٹ پر ایک تقریب کے دوران کیا۔ چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) اور کمانڈر ایف سی این اے میجر جنرل جواد احمد بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

گرینڈ جرگہ کے فیصلوں کی روشنی میں چیئرمین واپڈا اور گرینڈ جرگہ کے ارکان نے تھور اور ہربن قبائل کے متاثرین میں 40 کروڑ روپے کے چیک تقسیم کئے۔ یہ رقم دونوں قبائل کے درمیان 2014ء کے تصادم میں جاں بحق ہونے والے افراد اور املاک کو پہنچنے والے نقصان کی تلافی کے طور پر دی گئی ہے۔

چیئرمین واپڈا نے دیامربھاشا ڈیم پراجیکٹ کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔