Friday, April 19, 2024

دی یونیورسٹی آف فیصل آباد میں انسداد منشیات پر آگہی سیشن

دی یونیورسٹی آف فیصل آباد میں انسداد منشیات پر آگہی سیشن
March 3, 2022 ویب ڈیسک

فیصل آباد (92 نیوز) - دی یونیورسٹی آف فیصل آباد میں انسداد منشیات پر آگہی سیشن،، امین کیمپس میں آگہی سیمینار کا انعقاد کیاگیا،،نوجوان نسل کو منشیات سے بچانے کیلئے دی یونیورسٹی آف فیصل آباد اور ڈرگ ایڈوائزی ہب میں یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

نوجوان نسل، طلبہ و طالبات کو نشے کی لت سے بچانے کے مشن کے حوالے سے دی یونیورسٹی آف فیصل آباد امین کیمپس میں آگہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی کمشنر فیصل آباد زاہد حسین تھے۔ چیئرمین بورڈ آف گورنرز حیدر امین، ایڈیشنل ڈپٹی رجسٹرار میڈم زاہدہ، یونیورسٹی فکلٹی سمیت منشیات سے بچاؤ کی مہم چلانے والے ادارے ڈرگ ایڈوائزری ٹریننگ ہب کے سربراہ سید ذوالفقار حسین نے اپنی ٹیم کے ہمراہ شرکت کی، کمشنر فیصل آباد نے انسداد منشیات کے موضوع پر طلباء سے سیر حاصل گفتگو کی۔

کنسلٹنٹ انسداد منشیات مہم سید ذوالفقار حسین نے نشے کی وجہ سے پیدا ہونیوالی برائیوں، رجحان کی شرح اور اس کے محرکات پر لیکچر دیا۔ انہوں نے اپنے ادارے کی طرف سے کئے جانیوالے اقدامات کی تفصیل بھی بتائی۔

شرکاء کو یونیورسٹی میں انسداد منشیات کیلئے منعقدہ سیمینارز آگہی مہم اور دیگر اقدامات بارے بریفنگ دی گئی۔ اسٹیک ہولڈرز نے یونیورسٹی کی کاوشوں کو خوب سراہا۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے نوجوان نسل کو نشے جیسی برائی سے بچانے کا عزم دہرایا۔

اس موقع پر یونیورسٹی اور ڈرگ ایڈوائزری ٹریننگ ہب کے درمیان تین سال قبل کئے گئے معاہدے کی یاداشت پر دستخط کئے گئے اور معاہدے کو تازہ کیا گیا ۔طلبہ و طالبات آگہی پروگرام سے مستفید ہوئے۔

کمشنر فیصل آباد نے یونیورسٹی سپورٹس گراؤنڈ میں چیئرمین بورڈ آف گورنرز حیدر امین اور مہمانوں کے ہمراہ وزیراعظم شجر کاری مہم کے تحت پودا لگایا اور دعا بھی کی گئی۔