Thursday, April 25, 2024

دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی دھوم، آئی ایم جی سی فلم ڈسٹری بیوٹرز کلب نے بورے والہ میں سینما گھر تیار کر لیا

دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی دھوم، آئی ایم جی سی فلم ڈسٹری بیوٹرز کلب نے بورے والہ میں سینما گھر تیار کر لیا
October 10, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (کلچرل رپورٹر) - دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی دھوم آئی ایم جی سی فلم ڈسٹری بیوٹرز کلب نے چند دنوں میں بورے والہ میں سینما گھر تیار کر لیا۔

دیگر چھوٹے شہروں میں بند سنیما گھر بھی آباد ہونا شروع ہو گئے۔ دیگر سینما ہالز کی مرمت کا کام مکمل سینما انڈسٹری کو بحالی کی جانب گامزن کرنے والی تاریخ ساز فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں 13 اکتوبر کو ریلیز کی جائے گی۔ فلم شائقین کو اسکی ریلیز کا شدت سے انتظار ہے۔

تفصیلات کے مطابق چھوٹے شہروں میں سینما بزنس کو مضبوط بنانے کیلئے آئی ایم جی سی کا احسن اقدام سامنے آیا۔ بورے والہ میں جدید سہولیات سے آراستہ سینما تیار کر لیا۔ ضلع وہاڑی کے پہلے جدید سینما گھر کا افتتاح پاکستان کی سب سے مہنگی فلم ”دالیجنڈ آف مولا جٹ“ کی نمائش سے افتتاح ہو گا۔  

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگ زیب سے ملاقات کے دوران آئی ایم جی سی کے چئیرمین شیخ امجد رشید نے چھوٹے شہروں میں سینما گھر بنانے کا بیڑہ اٹھایا تھا۔ انہوں نے کہا چھوٹے شہروں میں فلم بینوں کی سہولت کیلئے ساہیوال، اوکاڑہ، بہاولپور، رحیم یار خان سمیت دیگر شہروں میں 10 نئے سینما گھر بنائے جا رہے ہیں۔

پاکستانی فلمی صنعت کی ترویج، سینما انڈسٹری کو سپورٹ اور چھوٹے شہروں میں شائقین کو معیاری تفریح فراہم کرنے کیلئے انٹرنیشنل ملٹی گروپ آف کمپنیز(آئی ایم جی سی)صوبہ پنجاب کے 10 شہروں میں جدید سینما گھر بنارہا ہے اور اس سلسلے میں تھری ڈی ٹیکنالوجی سمیت جدید ترین سہولیات سے آراستہ پہلا سینما ”آئی ایم جی سی ملٹی پلیکس“ ضلع وہاڑی کی تحصیل بورے والہ میں بنا دیا گیا ہے۔ آئی ایم جی سی ملٹی پلیکس کے نام سے بنائے اس سینما گھر کا افتتاح 13 اکتوبر کو پاکستانی فلمی صنعت کی تاریخ کی سب سے مہنگی فلم ”دا لیجنڈ آف مولا جٹ“ کی نمائش سے کیا جائے گا۔

آئی جی ایم جی کے چئیرمین اور پاکستان فلم پروڈیوسر ایسوسی ایشن کے دو بار چئیرمین منتخب ہونے والے شیخ امجد رشید نے کہا ہے کہ رواں برس وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگ زیب نے فلم پروڈیوسرز سے ملاقات کے دوران کہا تھا کہ چھوٹے شہروں میں سینما سرکٹ کی بحالی کیلئے فلمی صنعت اپنی مدد آپ کے تحت نئے ملٹی پلیکس سینما گھر بنائے چنانچہ اسی سلسلے میں آئی ایم جی سی نئے سینما گھروں کا قیام عمل میں لارہی ہے۔

شیخ امجد رشید نے کہا کہ وہاڑی میں بنایا گیا سینما گھر اس سلسلے کی پہلی کڑی ہے اور آئندہ دو برسوں میں ساہیوال، اوکاڑہ، بہاولپور اور رحیم یار خان سمیت دیگر شہروں میں 10 نئے ملٹی پلیکس سینما گھر بنائے جائیں گے جس سے نہ صرف ان شہروں میں سینما سرکٹ بحال ہو گا بلکہ فلموں کی باکس آفس آمدن میں اضافہ ہو گا اور مڈل و لوئر کلاس سے تعلق رکھنے والے شہری بھی معیاری تفریح سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔

آئی ایم جی سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شیخ عابد رشید نے بتایا کہ بورے والہ میں بنایا گیا آئی ایم جی سی ملٹی پلیکس جدید سہولیات سے آراستہ مکمل پراجیکٹ ہے جس کے ایک فلور پر اسلا م آباد کا مشہور تندوری ریسٹورنٹ موجود ہے جو ہر روز ہزاروں شہریوں کی توجہ کا مرکز بن رہا ہے جبکہ اس ملٹی پلیکس میں 12000 مربع فٹ پر ایک بڑا پلے لینڈ بنایاجارہا ہے جو امپوریم سینما لاہور کے بعد پاکستان کے کسی مال میں بنایا جانے والا سب سے بڑا پلے لینڈ ہو گا جہاں بچوں، بڑوں سمیت ہر عمر و طبقے کے افراد کیلئے گیم زون اور دیگر معیاری تفریح پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا۔

شیخ عابد رشید نے کہا کہ بورے والہ کے اس پہلے جدید سینما گھر کا افتتاح پاکستانی فلمی صنعت کی تاریخ کی سب سے بڑی اور مہنگی فلم ”دا لیجنڈ آف مولا جٹ“ کی نمائش سے کیا جارہا ہے جس میں عہد حاضر کے مقبول فنکاروں فواد خان، ماہرہ خان، حمزہ علی عباسی، حمائمہ ملک،مرزا گوہر رشید، علی عظمت اور فارس شفیع سمیت دیگر فنکاروں نے کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم جی سی ملٹی پلیکس بورے والہ میں ”دالیجنڈ آف مولا جٹ“ کی کامیاب نمائش سے شہر کی سماجی تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ ہو جائے گا۔