Sunday, September 8, 2024

سعودی عرب سمیت دنیا کے کئی ممالک میں عیدالاضحیٰ جوش و جذبے سے منائی گئی

سعودی عرب سمیت دنیا کے کئی ممالک میں عیدالاضحیٰ جوش و جذبے سے منائی گئی
September 2, 2017

مکہ مکرمہ (92 نیوز) سعودی عرب سمیت دنیا کے کئی ممالک میں آج عیدالاضحیٰ روایتی جوش و جذبے سے منائی  گئی۔ فرزندان اسلام نے نماز عید ادا کی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت پر عمل کرتے ہوئے قربانی کی اور ایک دوسرے کے گلے مل کر آپسی پیار و محبت کا اظہار کیا۔

سعودی عرب، دبئی، متحدہ عرب امارات، قطر سمیت خلیجی ملکوں میں عیدالاضحیٰ کی خوشیاں ہیں۔ دیار غیر میں بسنے والے پاکستانی بھی ان خوشیوں میں شریک ہیں۔ سورج طلوع ہوتے نماز عید ادا کی گئی جبکہ اللہ کی راہ میں جانور قربان کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

عراق کے شہر موصل کے شہری داعش سے آزادی کے بعد پہلی بار اپنے گھروں میں عیدالاضحیٰ منا رہے ہیں۔ لوگوں کی بڑی تعداد موصل کے بازاروں میں خریداری کے لیے نکل آئی۔۔

ملائشیا اور انڈونیشیا میں کروڑوں مسلمان عید کی خوشیاں منا رہے ہیں۔۔

امریکا، برطانیہ ،کینیڈا، جرمنی،اسپین سمیت یورپ کے کئی ممالک میں بھی عیدالاضحیٰ آج منائی جا رہی ہے، قربانی ہو گئی،اور اب عزیز و اقارب کی دعوتیں ہیں اور من پسند کھانوں سے ایک دوسرے کی تواضع کی جا رہی ہے۔

برطانیہ اور کینیڈا کے وزرائے اعظم نےعیدالاضحیٰ پر دنیا بھر کے مسلمانوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔ برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالاضحیٰ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد دلاتی ہے ۔وہ اس سال حج ادا کرنے والوں کو بھی مبارکباد پیش کرتی ہیں ۔ کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے عیدالاضحیٰ کے پیغام کا آغاز السلام علیکم کہہ کر کیا اور اختتام اردو میں عیدالاضحیٰ مبارک پر کیا۔