Wednesday, April 24, 2024

دشمن کچھ بھی کرلے یہ حکومت قائم رہے گی، وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی

دشمن کچھ بھی کرلے یہ حکومت قائم رہے گی، وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی
December 23, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کہتے ہیں کہ دشمن کچھ بھی کرلے یہ حکومت قائم رہے گی۔

جمعہ کو پنجاب اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا اللہ نے اس حکومت کو بنوایا وہی اس کو قائم رکھے گا، دین کی خدمت جاری رکھیں گے۔ عمران خان اور مجھے اللہ نے دین کی خدمت کی سعادت دی ہے۔

پرویز الہٰی نے کہا کہ خاتم النبین ؐ یونیورسٹی اور قرآن ایکٹ کا بل پنجاب اسمبلی سے پاس ہونے پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتا ہوں۔ متفقہ طور پر بل کی منظوری پراسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان، پی ٹی آئی، مسلم لیگ ق اور مسلم لیگ ن کے اراکین اسمبلی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

اُن کا کہنا تھا کہ تمام سرکاری و نجی سکولوں میں ایف اے تک ناظرہ قرآن کریم کی تعلیم لازمی قرار دی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ عام آدمی کو فری لیگل ایڈ کی فراہمی کے لئے پنجاب پبلک ڈیفنڈر سروس بل کی منظوری بھی تاریخی اقدام ہے۔ اس بل کی منظوری سے عام آدمی کو پنجاب حکومت فری لیگل ایڈ دے گی۔ ایک ہزار ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

پنجاب اسمبلی اجلاس کے دوران ایوان مچھلی منڈی بن گیا، اپوزیشن نے آج کی کارروائی پر شدید احتجاج کیا، اسپکرڈائس کا بھی گھیراؤ کیا۔ اپوزیشن رکن رانا مشہود نے کہا ہم آئین اور قانون کے تقدس کو پامال نہیں ہونے دیں گے۔ شور شرابے میں پنجاب میں خاتم النبی ﷺ یونیورسٹی کا بل منظور جبکہ گورنر کے خلاف قرار داد بھی منظور کرلی گئی۔