Monday, September 16, 2024

دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال تھم گئی، فلڈ ریلیف کیمپس ویران

دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال تھم گئی، فلڈ ریلیف کیمپس ویران
September 3, 2023 ویب ڈیسک

قصور (92 نیوز) - دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال تھم گئی، لیکن متاثرہ علاقوں میں تباہی کی داستانیں چھوڑ گیا۔ پاکپتن، عارف والا اور دیگر علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس ویران ہو گئے، ریسکیو کی جانب سے متعدد افراد کا انخلاء یقینی بنایا گیا۔

دریائے ستلج میں ہیڈ اسلام کے علاوہ پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر آ گیا، ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 38 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا، ہیڈ سلیمانکی میں پانی کی آمد 40 ہزار اور اخراج 26 ہزار کیوسک ہے، ہیڈ اسلام کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، پانی کی آمد 66,586 اور اخراج 64,356 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

ریلیف کمشنر پنجاب کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے اقدامات جاری ہیں، متاثرہ علاقوں میں سڑکوں پلوں اور مواصلات کے ذرائع کو ہنگامی بنیادوں پر بحال کیا جائے گا، سیلاب سے متاثر بندوں کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

دوسری جانب پاکپتن میں سیلابی ریلوں کی تباہ کاریوں کا سلسلہ جاری ہے، ہزاروں سیلاب متاثرین کی مشکلات کم نہ ہوسکیں، متعدد فلڈ ریلیف کیمپس بھی بند پڑے ہیں، فلڈ ریلیف کیمپوں کے نام پر بند کیے جانے والے اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں تاحال معطل ہیں۔

عارف والا میں سیلابی صورتحال تو بہتر ہوگئی لیکن سیلاب تباہ کاریوں کی داستانیں چھوڑ گیا ہے، جبکہ متاثرہ علاقوں میں کئی مسائل بھی جنم لے رہے ہیں۔