Sunday, September 8, 2024

دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال: پاکپتن، عارف والا اور قصور میں درجنوں دیہات زیر آب

دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال: پاکپتن، عارف والا اور قصور میں درجنوں دیہات زیر آب
August 24, 2023 ویب ڈیسک

قصور (92 نیوز) - دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال برقرار ہے، پاکپتن، عارف والا اور قصور میں درجنوں دیہات زیر آب آ چکے ہیں، الہ آباد میں ایک شہری ڈوب کر جاں بحق ہوگیا، پی ڈی ایم اے کے مطابق ستلج میں سیلاب سے متاثرہ دیہاتوں کی مجموعی تعداد 583 ہے، کھڑی فصلیں اور مکانات بھی پانی میں ڈوب چکے ہیں۔

بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے کے بعد دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال برقرار ہے، پاکپتن کے مقام پر سیلابی ریلے نے کوٹ بخشہ میں تباہی مچا دی، سیلابی پانی رابطہ سڑک توڑنے کے بعد آبادی میں داخل ہوگیا،سرکاری اسکول بھی پانی نظر ہوگیا، زمینی راستہ بھی منقطع ہو گیا، دوسری جانب سیلاب متاثرین کی مشکلات بھی کم نہ ہو سکیں،ریلیف کیمپوں میں کچھ کھانے کو دستیاب ہے نہ ہی جانوروں کے لیے چارہ مل رہا ہے۔

صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور بیرسٹر اظفر علی ناصر نے پاکپتن میں فلڈ ریلیف کیمپس کا دورہ کیا اور خیمہ بستیوں میں سیلاب متاثرین کی سہولیات کا جائزہ لیا،عارف والا میں سیلابی ریلے کی موجیں ایک اور جان نگل گئیں،بلاڑہ ارجن کے مقام پر مقامی شخص کی لاش نکال کر ورثا کے حوالے کر دی گئی،دوسری جانب اراضی دلاور اور ٹبی لعل بِیگ سیکٹر کے درجنوں دیہات اور فصلیں زیر آب آگئیں۔

الہ آباد میں کنگن پور کے نواحی علاقے جیتی والا کا رہائشی 20 سالہ شہری دریا پار کرتے ڈوب گیا،ریسکیو اہلکاروں نے طویل سرچ آپریشن کے بعد لاش نکال لی۔

قصور میں رجی والا گاؤں کا بند ٹوٹنے کا خدشہ،اہل علاقہ نے نقصان سے بچنے کیلئے مٹی کے تھیلے کٹاؤ کی جگہ پر رکھنا شروع کر دئیے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ستلج میں سیلاب سے متاثرہ دیہاتوں کی مجموعی تعداد 583 ہے،متاثرہ اضلاع میں 966 ریسکیو اہلکار ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 92 میڈیکل کیمپ لگائے ہیں، سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں 220 اوبی ایم اور 220 کشتیاں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔