Friday, April 19, 2024

بازاروں میں موسم سرما کی سوغاتیں لوٹ آئیں

بازاروں میں موسم سرما کی سوغاتیں لوٹ آئیں
October 25, 2016
فیصل آباد (92نیوز) موسم کی تبدیلی سے جہاں مختلف تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں وہیں بطور غذا خشک میوہ جات کا استعمال بھی بڑھ جاتا ہے۔ ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی دکانوں پر انواع واقسام کے میوہ جات کی فروخت شروع ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سرد موسم اور خشک میوہ جات کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ خشک میوہ جات کاجو‘ بادام، گری، پستہ، اخروٹ، کشمش اور چلغوزوں نے اپنی بہاریں لٹانی شروع کر دی ہیں کیونکہ بازاروں میں مختلف دکانوں پر ان چیزوں کے سٹالز سج چکے ہیں۔ لوگوں کی بڑی تعداد ان میوہ جات کی خریداری میں مصروف ہے۔ یہ خشک میوہ جات مہنگے ضرور ہیں لیکن ان کے غذائی فوائد بھی بہت زیادہ ہیں۔ آج کل سیزن شروع ہونے پر خشک میوہ جات کی دکانوں پر گاہکوں کا رش اتنا بڑھ گیا ہے کہ دکانداروں کو سر کھجانے کی بھی فرصت نہیں ملتی۔ دوسری جانب والدین کو میوہ جات کھانے کی بچوں کی ضد پوری کرنا ہی پڑتی ہے۔ خوب کمائی ہونے پر دکانداروں کی خوشی کا بھی کوئی ٹھکانہ نہیں ہے۔ یہ خوش ذائقہ میوہ جات نہ صرف کھانے میں ہر دلعزیز ہوتے ہیں بلکہ سردیوں میں وقت گزاری کا بہترین مشغلہ بھی ہیں۔ موسم کی تبدیلی سے ان سوغاتوں نے ملک بھر کے بازاروں میں اپنی جگہ بنا لی ہے۔ خشک میوہ جات نے دکانوں پر اپنی رونقیں بڑھائیں تو شائقین بھی خریداری کرنے لگے ہیں۔