Saturday, April 27, 2024

ڈاکٹرعاصم ،انیس قائم خوانی ،روف صدیقی اور عثمان معظم کی ضمانت منظور

 ڈاکٹرعاصم ،انیس قائم خوانی ،روف صدیقی اور عثمان معظم کی ضمانت منظور
November 1, 2016
کراچی(92نیوز)سندھ ہائیکورٹ نے دہشت گردوں کے علاج معالجہ کے مقدمے میں ڈاکٹر عاصم، انیس قائم خانی،روف صدیقی اور عثمان معظم کی ضمانت منظور کرلی،عدالت نے ملزموں کے بیرون ملک جانے پر پابندی لگاتے ہوئےاے ٹی سی کو  دو    مہینے میں ٹرائل مکمل کرنےکا حکم دیدیا۔ تفصیلات کےمطابق سندھ ہائیکورٹ میں دہشت گردوں کے علاج معالجہ کیس کی سماعت ہوئی تو ڈاکٹر عاصم کے وکیل لطیف کھوسہ نے دلائل دیے کہ مقدمہ جے آئی ٹی کی بنیاد پر بنایا گیا ۔ رینجرز کے پیش کردہ بلز کا اسپتال سے ریکارڈ نہیں ملا، تفتیشی افسر نے رپورٹ میں لکھا کہ حقائق کو مسخ کیا ۔ ڈاکٹر عاصم شدید علیل ہیں،طبی بنیادوں پر ضمانت دی جائے ۔ انیس قائمخانی کے وکیل نے دلائل دیےکہ ڈاکٹر یوسف ستار کے بیان کی تصدیق کسی گواہ نے نہیں کی،گواہ کے بیان کے موقع پر انیس قائم خانی کو بلایا گیا اورنہ ہی گواہ پر جرح کرنے کا موقع دیا گیا ۔ روف صدیقی کے وکیل نے ملزم کے خلاف ڈاکٹر یوسف ستار کے علاوہ کسی گواہ کو پیش نہیں کیا گیا ۔ عثمان معظم کے وکیل نے دلائل دیےکہ ڈاکٹر عاصم کی  جے آئی ٹی میں عثمان معظم کا نام شامل نہیں ہے ۔  تفتیشی افسر ڈی ایس پی الطاف حسین نے کہا کہ گواہوں کے مطابق یہ بلز جعلی اور ترمیم شدہ ہیں،اسپتال سے بھی ریکارڈ نہیں ملا،ایاز تُنیو نے کہا کہ گواہوں کے بیانات موجود ہیں ۔ رینجرز کے وکیل نے دلائل دیےکہ ایم کیوایم کے ٹارگٹ کلرز کو ڈاکٹر عاصم کے اسپتال میں علاج کیلئے لایا جاتا تھا،جس کے بلز موجود ہیں،موجودہ تفتیشی افسر نے ڈاکٹر عاصم کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی عدالت نے وکلا کے دلائل سن کر ڈاکٹر عاصم، انیس قائم خانی، روف صدیقی اور عثمان معظم کی ضمانت منظور کرلی ۔ عدالتی فیصلے کے بعد پی ایس پی کے انیس قائم خانی اور ایم کیوایم کے روف صدیقی ضمانت پر رہا جبکے ڈاکٹر عاصم ، عثمان معظم کو دیگر مقدمات کا سامنا کرنا پڑے گا  ۔ وسیم اختر اور قادر پٹیل نے اے ٹی سی کے فیصلے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ سے رجوع نہیں کیا تھا  ۔