Monday, May 20, 2024

دوسرا ٹیسٹ، سری لنکا کے دوسری اننگز میں 4 وکٹوں پر 109 رنز، 256 اسکور کی برتری حاصل

دوسرا ٹیسٹ، سری لنکا کے دوسری اننگز میں 4 وکٹوں پر 109 رنز، 256 اسکور کی برتری حاصل
July 26, 2022 ویب ڈیسک

گال (92 نیوز) پاک سری لنکا دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز سری لنکا نے دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنالیے، مجموعی طور پر 256 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔

گال میں کھیلے جا رہے تیسرے روز سری لنکا کی دوسری اننگز میں بیٹنگ جاری ہے، میزبان ٹیم نے 33 اوورز میں 109 رنز بنالیے ہیں، دینش چندیمل 16 اور کرونا رتنے 4 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔

سری لنکا کی پہلی وکٹ 27 کے اسکور پر گری جب اوپنر نروشن ڈکویلا 15 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، اوشادا فرنینڈو 19، کوشال مینڈس 15، اینجلو میتھیوز 35 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ، یاسر شاہ، محمد نواز اور آغا سلمان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 231 رنز بناکر آؤٹ ہوئی، سری لنکا کی ٹیم کو پہلی اننگز میں 147 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔

گال میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستان نے اننگز 191 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ سے آگے بڑھائی اور مجموعی اسکور میں 40 رنز کے اضافے کے بعد پوری ٹیم آل آؤٹ ہوگئی۔ سلمان علی آغا62  رنز بنا کر نمایاں رہے، امام الحق نے 32 اورکپتان بابر اعظم نے 16 رنز بنائے۔

میزبان سری لنکا کی جانب سے رمیش مینڈس نے 5 اور پربت جے سوریا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل سری کی ٹیم پہلی اننگز میں 378 رنز بناکر آؤٹ ہوئی، اور اسے پاکستان کے خلاف 147 رنز کی برتری ملی۔