Thursday, April 25, 2024

دوسرا ٹی ٹوئنٹی، پاکستان نے انگلینڈ کو 10 وکٹوں سے شکست دیکر حساب چکتا کردیا

دوسرا ٹی ٹوئنٹی، پاکستان نے انگلینڈ کو 10 وکٹوں سے شکست دیکر حساب چکتا کردیا
September 22, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے انگلینڈ کو 10وکٹوں سے شکست دیکر حساب چکتا کردیا۔

پاکستانی اوپنرز محمد رضوان اور بابراعظم نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 200 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے حصول کو آسان کردیا۔

کپتان بابراعظم دوبارہ سے ردھم میں آگئے، انہوں نے 66 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 11 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 110 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز تراشی۔

اوپنرز محمد رضوان نے بھی دھواں دار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 51 گیندوں پر 5 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 88 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر قومی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ پاکستان نے 19.3 اوورز میں 203 رنز بنائے۔

اس سے قبل انگلش کپتان معین علی نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، مہمان سائیڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے جارح مزاج بلے باز بین ڈکٹ نے 22 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 7 چوکوں کی مدد سے 43 رنز کی اننگز تراشی۔

کپتان معین علی نے 55 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 4 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے، خوشدل شاہ نے ان کا 33 کے انفرادی سکور پر کیچ ڈراپ کیا۔ ہیری بروک 31 اور اوپنر فل سلہٹ 30 رنز بناکر نمایاں رہے، ایلکس ہیلز 26، ڈیوڈ میلان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، سام کوران نے 10 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے شاہ نواز دھانی اور حارث رؤف نے 2، 2 جبکہ محمد نواز نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستانی سپنرز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے، محمد نواز اور عثمان قادر کے 8 اوورز میں 81 رنز بنے، محمد نواز کے ہاتھ ایک وکٹ آئی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان 7 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی۔