Saturday, May 4, 2024

دوسرا ویمنز ون ڈے: آسٹریلیا کی پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست، سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل

دوسرا ویمنز ون ڈے: آسٹریلیا کی پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست، سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل
January 18, 2023 ویب ڈیسک

برسبین (92 نیوز) - دوسرے ویمنز ون ڈے میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 10 وکٹوں سے ہراکر 3 میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

برسبین میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستانی کپتان بسمہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا جو سودمند ثابت نہ ہو سکا۔ پاکستانی ٹیم 43 اوورز میں محض 125 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ آل روؤنڈر ندا ڈار 24، کپتان بسمہ معروف 21 اور اوپنر منیبہ علی 18 رنز بناکر قابل ذکر رہیں۔

سدرہ نعیم 2، عمائمہ سہیل 13، عالیہ ریاض ایک، سدرہ نواز 6، فاطمہ ثناء 12 اور کائنات امتیاز 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں، ڈیانا بیب 3 سکور پر ناٹ آؤٹ رہیں۔

آسٹریلین ویمن ٹیم کی جانب سے ڈارسی براؤن نے 3، اینابیل سدرلینڈ اور الانا کنگ نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کے دیئے 126 رنز کے ہدف کو آسٹریلوی ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے بآسانی پورا کرلیا۔ اوپنرز بیتھ مونی اور فوبی لیچ فیلڈ نے نصف سنچریاں سکور کیں، دونوں نے بالترتیب 57 اور 67 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

آسٹریلوی پیسر ڈارسی براؤن کو شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کی ویمن ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا تیسرا اور آخری میچ ہفتے کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔