Friday, April 26, 2024

ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی انتخابی نظام کو دھاندلی زدہ قرار دیدیا

ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی انتخابی نظام کو دھاندلی زدہ قرار دیدیا
October 24, 2016
نیویارک (ویب ڈیسک) امریکہ میں صدارتی الیکشن جوں جوں قریب آتے جا رہے ہیں سیاسی ماحول بھی گرم ہوتا جا رہا ہے۔ ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے فلوریڈا میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی نظام دھاندلی زدہ ہے اور وہ اس کرپٹ نظام کے خاتمے کے لیے نکل پڑے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہلری کلنٹن کو امریکی عوام کی کوئی فکر نہیں۔ وہ تو وکی لیکس کی ای میلز پڑھنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے ووٹرز سے اپیل کی کہ فلوریڈا میں آج سے ارلی ووٹنگ شروع ہو رہی ہے۔ امریکی عوام گھروں سے نکلیں اور کرپٹ نظام کے خاتمے کے لیے حق رائے دہی استعمال کریں۔ دوسری جانب ہلری کلنٹن نے بھی انتخابی ریلی میں ٹرمپ کو آڑے ہاتھوں لیا۔ کہتی ہیں ٹرمپ کو تین مباحثوں میں ہرایا پھر بھی وہ سمجھتے ہیں کہ وہ صدر بننے کی صلاحیت نہیں رکھتیں۔ ادھر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابی عمل کو ایک بار پھر دھاندلی زدہ قرار دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدارتی امیدوار ہلری کلنٹن اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان انتخابی مہم میں بھی کانٹے کا مقابلہ جاری ہے۔ دونوں امیدوار ایک دوسرے پر تنقید کے نشتر چلانے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔ ڈیموکریٹ امیدوار ہلری کلنٹن نے نارتھ کیرولائنا میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ کہتی ہیں ٹرمپ کو ساڑھے چار گھٹنے کے تین مباحثوں میں مات دی لیکن ان کے حریف پھر بھی کہتے ہیں کہ ہلری صدر بننے کی صلاحیت نہیں رکھتیں۔ ہلری کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں کبھی کسی پارٹی کے صدارتی امیدوار نے انتخابی نتائج کو مشکوک قرار نہیں دیا لیکن ٹرمپ کا یہ کہنا کہ اگر وہ جیتے تو نتائج تسلیم کریں گے ورنہ نتائج کو چیلنج کرنے کا حق رکھتے ہیں ان کا یہ بیان جمہوریت کے لیے خطرناک ہے۔ مہم کی منیجر کیلانے کانوے نے تسلیم کیا ہے کہ ٹرمپ ہلری کے مقابلے میں پیچھے ہیں۔ ہلری کی پوزیشن بہتر ہے۔ ان کو کچھ معاملات میں ٹرمپ پر برتری حاصل ہے۔