Friday, April 19, 2024

ڈاکٹر تنظیموں نے خیبرپختونخوا میں یوم سیاہ منایا

ڈاکٹر تنظیموں نے خیبرپختونخوا میں یوم سیاہ منایا
October 16, 2016
پشاور (92نیوز) پشاور کے سینئر ڈاکٹر پر قاتلانہ حملے کے خلاف ڈاکٹر تنظیموں نے خیبرپختونخوا میں یوم سیاہ منایا۔ تمام اسپتالوں میں ڈاکٹروں نے بازووں پر سیاہ پٹیاں باندھ کرکام کیا۔ اسپتالوں میں احتجاجی بینرز بھی آویزاں کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے ای این ٹی اسپیشلسٹ ڈاکٹر عصمت اللہ کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے والے حملہ آوروں کی عدم گرفتاری کے خلاف تمام ڈاکٹرتنظیموں کی ایکشن کمیٹی کی کال پر خیبرپختونخوا کے ڈاکٹروں نے یوم سیاہ منایا۔ ڈاکٹروں نے بازووں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر علامتی احتجاج کیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق امن و امان کی صورتحال خراب ہو چکی ہے اور طب کے مقدس پیشے سے وابستہ افراد بھی اب عدم تحفظ کا شکار ہیں جب تک ڈاکٹروں پر حملے کرنے والے عناصرکو کیفر کردارتک نہیں پہنچایا جاتا ان کا احتجاج جاری رہے گا۔ صوبے کے تمام اسپتالوں میں ڈاکٹر تنظیموں نے یوم سیاہ کے موقع پراحتجاجی بینرز آویزاں کئے جن پر ڈاکٹروں کو تحفظ فراہم کرنے کے مطالبات درج تھے۔ ڈاکٹر تنظیمیں آئندہ چند روز میں اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گی۔