چارسدہ (92 نیوز) - چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ دوبارہ حکومت بنانے کا موقع ملا تو ایسے شخص کو وزیر نہیں بناؤں گا جس کا پیسہ ملک سے باہر ہو۔
چارسدہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت ایک سازش کے تحت قوم پر مسلط کی گئی، حکومت میں آنے کے بعد انہوں نے 11 ہزار ارب کی کرپشن معاف کرالی۔
عمران خان نے کہا کہ مہنگائی ختم کرنے کے لیے آنے والوں نے ریکارڈ مہنگائی کردی، سازش کے تحت منتخب حکومت گرانے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔ جب کال دوں تو عوام حقیقی آزادی کیلئے باہر نکلیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا سندھ میں سیلاب نے تباہی مچائی، دنیا پیسے دینا چاہتی ہے لیکن آصف زرداری بیٹھا ہے اس لیے کوئی تیار نہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیے کل پھر ٹیلی تھون کروں گا، مالاکنڈ میں امن وامان کی صورتحال خراب ہونا شروع ہوگئی۔ کے پی پولیس پوری کوشش کررہی ہے لیکن وفاقی حکومت کو بھی مدد کے لیے آگے آنا چاہیے۔