Thursday, May 2, 2024

دو دہائیوں بعد بجٹ تقریر بغیر کسی شور شرابے کے سنی گئی

دو دہائیوں بعد بجٹ تقریر بغیر کسی شور شرابے کے سنی گئی
June 10, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - نئے مالی سال کے بجٹ میں چند دلچسپ چیزیں بھی سامنے آئی دو دہائیوں کے بعد بجٹ تقریر بغیر کسی شور شرابے کے سنی گئی، دوسری جا نب وزیر خزانہ تین بار کوشش کے باوجود اردو کے لفظ تشخص کی درست ادائیگی نہ کر سکے۔

نئے بجٹ سے کس کو کیا ملا؟ یہ اپنی جگہ مگر ملکی سیاسی تاریخ میں ایک اور باب رقم ہو گیا۔ 20 سال بعد ایوان میں خاموش ترین بجٹ پیش کیا گیا۔

سال 2002 کے بعد پہلی بار بجٹ تقریر میں وزیر خزانہ کو اپوزیشن کے شور شرابے کا سامنا نہیں کرنا پڑا، وز یر خزانہ کی بجٹ تقریر کے دوران ایوان میں مکمل خاموشی اور یک سوئی دکھائی دی۔

گزشتہ 20 سال کے دوران 5 مختلف حکومتیں آئیں مگر اس دوران ایک بھی بجٹ تقریر ایسی نہیں تھی، جسے خاموشی سے سنا گیا ہو۔

رواں برس بجٹ تقریر کےدوران ایوان میں صرف وزیرخزانہ بولتے سنائی دیئے۔ تحریک انصاف کے منحرف ارکان، جی ڈی اے اور جماعت اسلامی کے ارکان بھی خاموش رہے۔

دوسری جانب ایوان کا ماحول اس وقت دلچسپ ہو گیا ،، جب وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل بجٹ تقریر کے دوران اردو کے ایک ذرا سے مشکل لفظ پر اٹک گئے۔

بار بار کوشش کے باوجود وزیر خزانہ لفظ تشخص کی ادائیگی درست طریقے سے نہ کرسکے، وزیر خزانہ کی مسلسل درست ادائیگی کی کوشش کے بعد ایوان میں اراکین مسکر اکر ایک دوسرے کی جانب دیکھتے رہے۔