Sunday, September 8, 2024

دنیا بھر میں کورونا کیسز 34 کروڑ 99 لاکھ، اموات 56 لاکھ سے تجاوز

دنیا بھر میں کورونا کیسز 34 کروڑ 99 لاکھ، اموات 56 لاکھ سے تجاوز
January 23, 2022 ویب ڈیسک

واشنگٹن (92 نیوز) دنیا کورونا وائرس کی پانچویں لہر جاری ہے، وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 34 کروڑ 99 لاکھ 74 ہزار 96 تک جا پہنچی جبکہ اموات 56 لاکھ 10 ہزار 324 ہو چکیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 6 کروڑ 58 لاکھ 62 ہزار 840 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 96 ہزار 182 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ 27 کروڑ 85 لاکھ 932 کورونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

بھارت میں مسلسل چوتھے روز 3 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے، بھارتی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ بھارت میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 3 لاکھ 33 ہزار 533 کیس رپورٹ ہوئے ہیں، گزشتہ روز کورونا سے مزید 525 اموات رپورٹ ہوئیں، بھارت میں اومی کرون ویرینٹ کے کیسز کی تعداد 10 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔

برازیل میں کورونا وائرس کے اومیکرون ویرینٹ کے باعث کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 1 لاکھ 57 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے اور مزید 238 اموات ہوئیں۔

وبا پر قابو پانے کیلئے آسٹریلیا کی 2 ریاستوں نے اسکولوں میں طلبہ کے ہفتے میں کورونا وائرس کے 2 ٹیسٹ کرانے کا اعلان کر دیا۔ آسٹریلیا کی ریاستوں نیو ساؤتھ ویلز اور وکٹوریا میں اگلے ہفتے اسکول کلاسز میں کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ ہو گی۔

کورونا پابندیوں کی وجہ سے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے اپنی شادی کی تقریب ملتوی کر دی، وزیر اعظم جیسنڈا آرڈن نے کہا کہ وبا کے دنوں میں زندگی ایسے ہی ہے، وہ بھی دوسرے شہریوں کی طرح اس وبا سے متاثر ہوئیں۔