Wednesday, April 24, 2024

دنیا بھر میں کورونا کے تیز وار، برطانیہ میں ایک لاکھ 9 ہزار سے زائد نئے کیس سامنے آ گئے

دنیا بھر میں کورونا کے تیز وار، برطانیہ میں ایک لاکھ 9 ہزار سے زائد نئے کیس سامنے آ گئے
January 14, 2022 ویب ڈیسک

لندن (92 نیوز) دنیا بھر میں کورونا کے تیز وار ہو گئے۔ برطانیہ میں بھی ایک لاکھ 9 ہزار سے زائد نئے کیس سامنے آ گئے۔

کورونا وائرس کی دنیا پر گرفت کم نہ ہو سکی۔ کورونا کیسز کی تعداد 32 کروڑ سے بھی تجاوز کر گئی۔ 55 لاکھ، 39 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

کورونا کی تین مختلف ویکسین بنانے والا امریکا سب سے زیادہ متاثر ہوا۔ صرف ایک دن میں ساڑھے سات لاکھ سے زائد نئے کیس سامنے آگئے جس کے بعد امریکا میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ساڑھے چھ کروڑ سے بھی بڑی گئی۔

امریکا کی 6 ریاستوں میں کورونا اور اومیکرون کا دباؤ بڑھنے پر فوج بلانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ مشی گن، نیوجرسی،، نیو میکسیکو، نیویارک، اوہائیو اور روڈ آئی لینڈ میں اگلے ہفتے ملٹری میڈیکل اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔ صدر جوبائیڈن کی جانب سے کورونا پر قابو پانے کی کوششوں سے مزید اعلان بھی متوقع ہیں۔

 دوسری طرف بھارت 3 کروڑ، 65 لاکھ کورونا متاثرین کے ساتھ دوسرے، جبکہ برازیل 2 کروڑ، 28 لاکھ سے زائد کورونا مریضوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

 ادھر فرانس میں کورونا پابندیوں کےخلاف اساتذہ نے ہڑتال کر دی جس کے بعد ملک کے آدھے سے زائد تعلیمی ادارے بند ہو گئے ہیں جبکہ چین کے شہر تیانجن میں کورونا کا پھیلاؤ ایک بار پھر تیز ہونے کے بعد ایک بین الاقوامی کارساز کمپنی کا پلانٹ بند کر دیا گیا ہے۔