Thursday, April 18, 2024

عدم اعتماد کیلئے نمبرز پورے، اڑتالیس گھنٹے میں خوشخبری آ جائے گی، مولانا فضل الرحمان

عدم اعتماد کیلئے نمبرز پورے، اڑتالیس گھنٹے میں خوشخبری آ جائے گی، مولانا فضل الرحمان
March 3, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے عدم اعتماد کیلئے نمبرز پورے ہیں۔ اڑتالیس گھنٹے میں خوشخبری آ جائے گی۔

اگلے 48 گھنٹوں میں تحریک عدم اعتماد لائی جائے گی۔ مولانا فضل الرحمٰن نے طبل جنگ بجا دیا۔ میڈیا سے غیررسمی گفتگو کے دوران کہا ہمارا انحصار شخصیات پر ہے۔ اپوزیشن جماعتیں حکومت کی اتحادیوں پر انحصار نہیں کر رہیں۔ ہمارے پاس تحریک کی کامیابی کے لیے نمبرز پورے ہیں۔ تحریک کی کامیابی کا 100 فیصد یقین ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کا موجودہ حکومت کو گرانے پر اتفاق ہے۔ اب سیاسی جماعتیں ایک دوسرے پر اعتماد کر رہی ہیں۔

مولانا کا کہنا تھا اسٹیبلشمنٹ کا ان سے کوئی رابطہ نہیں۔ ن لیگ پیپلزپارٹی کے اسٹیبلشمنٹ سے رابطے میرے علم میں نہیں۔ کسی نے انفرادی طور پر رابطہ کیا تو ادارے نے اس کا نوٹس لیا۔ امپائر بظاہر نیوٹرل نظر آ رہے ہیں۔ ہم نے امپائر سے کوئی سپورٹ نہیں لینی بلکہ صرف حکومت کی سپورٹ ختم کرانا تھی۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا نئی حکومت کے قیام پر کوئی بات نہیں ہوئی۔ جب وہ مرحلہ آئے گا تو اس پر بھی فیصلہ کر لیا جائے گا۔ ہمارا فوکس ہے کہ خزاں جائے، بہار آئے یا نہ آئے۔ ہم عدم اعتماد سے پہلے کسی داخلی تنازع میں نہیں پڑنا چاہتے۔