Friday, April 19, 2024

عدل و انصاف نہیں ہو گا تو ملک آگے نہیں بڑھ سکے گا، شہباز شریف

عدل و انصاف نہیں ہو گا تو ملک آگے نہیں بڑھ سکے گا، شہباز شریف
July 28, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے عدل و انصاف نہیں ہوگا تو ملک آگے نہیں بڑھ سکے گا۔

قومی اسمبلی میں وزیراعظم شہباز شریف نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے سپریم کورٹ کو حالیہ فیصلوں پر تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔ انہوں نے کہا اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر، صدر اور وزیراعظم کو آئین شکنی پر کسی نے نہیں بلایا۔ فارن ایجنٹ تو یہ خود ہیں، 8سال لگ گئے ابھی تک فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہیں آیا۔ اسرائیل اور ہندوستان سے پیسہ عمران خان نے منگوایا۔ ایسے راز ہیں جنہوں کھول دوں تو یہ ایوان ورطہ حیرت میں پڑ جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے پونے چار سال کسی بات کا نوٹس نہیں لیا گیا۔ ن لیگ اور دیگر جماعتوں کیخلاف انتقامی کارروائیاں کی گئیں۔ پونے چار سال کی کارکردگی پوری قوم کے سامنے ہے۔ ہم چور دروازے سے نہیں آئے، آئین کے مطابق کرپٹ حکومت کو بدلا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا انہیں وزیراعظم بننے کی آفرز ماضی میں بھی کی گئیں۔ یہ شص کہتا ہے کہ میں ہوں تو ٹھیک ورنہ پاکستان کے تین ٹکڑے ہو جائیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا پاکستان میں تین ملین ٹن گندم کی کمی ہے۔ روس سے سستی گندم مل رہی ہے تو ضرور لیں گے۔ ڈبوئی گئی معیشت کو دن رات ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔