Monday, May 16, 2022

ڈجکوٹ ٹریفک حادثے میں 4 بچے اور خاتون لقمہ اجل بن گئے

ڈجکوٹ ٹریفک حادثے میں 4 بچے اور خاتون لقمہ اجل بن گئے
May 13, 2022 ویب ڈیسک

فیصل آباد (92 نیوز) - فیصل آباد کے علاقے ڈجکوٹ میں نیو بائی پاس کے قریب پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثے میں 4 بچے اور خاتون لقمہ اجل بن گئے۔ ڈمپرنے مخالف سمت سے آنے والے رکشہ کو روند ڈالا۔

ڈجکوٹ میں نیو بائی پاس کے قریب ٹریفک حادثے نے 5 افراد کی زندگی کا چراغ گل کردیاـ ڈمپر اور رکشے میں ہونے والے تصادم کے باعث 4 بچے اور ایک خاتون موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے جبکہ 8 سالہ بچی سمیت تین افراد شدید زخمی ہوئے۔

حادثے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو کی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ مرنے والوں میں 3 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔

ادھر علاقہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈمپر قبضے میں لے لیا تاہم ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔