Sunday, September 8, 2024

سیکورٹی فورسز نے افغانستان کی طرف سے دہشتگردوں کی پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنا دی

سیکورٹی فورسز نے افغانستان کی طرف سے دہشتگردوں کی پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنا دی
March 25, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - سیکورٹی فورسز نے افغانستان کی طرف سے دہشتگردوں کی پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنا دی۔ دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلہ میں 4 فوجی جوان شہید ہو گئے۔

افغانستان سے 23 اور 24 مارچ کی درمیانی شب دہشتگردوں نے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل سے دراندازی کی کوشش کی۔ ہمہ وقت چوکس جوانوں کی بروقت جوابی کارروائی سے دہشتگردوں کے عزائم ناکام بنا دیئے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز کے بھرپور جواب سے دہشتگرد نے ناکامی پر راہ فرار اختیار کی۔ انٹیلی جنس اطلاعات کے مطابق دہشتگردوں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔ دہشتگردوں سے فائرنگ کے شدید تبادلے میں چار جوان مادر وطن پر قربان ہو گئے۔

شہدا میں غذر، گلگت بلتستان کے 34 سالہ لانس حوالدار وجاہت عالم اور 32 سالہ سپاہی مقبول حیات ،شیخوپورہ کے 25 سالہ سپاہی ساجد عنایت اور سکردو کے 22 سالہ سپاہی ساجد علی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے پرعزم  بہادر جوانوں کی مادر وطن کے لیے قربانیاں پاک فوج کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔