Saturday, April 20, 2024

قربانیوں سے حاصل امن کسی کو تباہ نہیں کرنے دیں گے، آرمی چیف

قربانیوں سے حاصل   امن کسی کو تباہ  نہیں کرنے دیں  گے، آرمی چیف
December 23, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے میران شاہ، شمالی وزیرستان اور تربیلا کا دورہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف عاصم منیر کی آمد پر کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے استقبال کیا۔ آرمی چیف کی یادگار شہداء پر حاضری، پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی۔ سپہ سالار نے مادر وطن کا دفاع کرتےجانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپاہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر پاک، افغان سرحد پر اگلے مورچوں پر تعینات دستوں، افسران اور جوانوں سے ملے، پیشہ وارانہ مہارتوں، بلند عزم، آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔

سپہ سالار نے کہا کہ پاک فوج کی توجہ سکیورٹی صورتحال بہتر بنانے پر مرکوز ہے۔ پاک فوج جنگ کو دہشتگردوں تک لیجانے، سہولت کاروں کا گٹھ جوڑ توڑنے کے لیے پرعزم ہے۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ دہشتگردوں کو شکست دے کر بذریعہ سماجی اقتصادی ترقی، دیرپا امن یقینی بنائیں گے۔ پاک فوج محنت سے حاصل کیے گئے امن کو مزید مستحکم کرے گی۔ دہشتگردی کی جنگ میں کامیابیاں پاکستانی قوم، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی عظیم قربانیوں سے ممکن ہوئیں۔

علاوہ ازیں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ہیڈکوارٹر سپیشل سروسز گروپ تربیلا کا بھی دورہ کیا، سپیشل سروسز گروپ کے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔