غزہ (92 نیوز) - فلسطینیوں کیلئے ایک اور خوفناک اور بھاری رات، دہشتگرد اسرائیل تمام حدیں پار کر گیا، پناہ گزین کیمپوں پر بربریت کی انتہا کردی، کئی افراد شہید جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے۔
دہشتگرد اسرائیل نے رات گئے مختلف علاقوں میں بمباری کی، جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر ایک اور فضائی حملہ کیا جس کے نتیجے میں کئی افراد شہید جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے۔
وسطی غزہ میں فیول اسٹیشن پر بھی دہشتگردی کے نتیجے میں 9 فلسطینی شہید جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے حملے کے شبے میں 3 فلسطینی کارسواروں کو شہید کردیا۔
ادھر اسرائیلی فوج نے الشطی پناہ گزین کیمپ پر بربریت کی فوٹیج جاری کر دی، کیمپ میں ہر طرف تباہی و بربادی کے مناظر ہیں، عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن چکیں۔ اسرائیلی آرمی چیف نے غزہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، ہرزی حلوی نے کہا شمالی غزہ میں حماس کے فوجی نظام کو تباہ کرنے کے قریب ہیں۔ دوسری جانب 7 اکتوبر سے اب تک 372 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو چکے۔