Sunday, September 8, 2024

دھمکی کس کو دی، بتاؤ اپنی اوقات کیا ہے، مریم اورنگزیب

دھمکی کس کو دی، بتاؤ اپنی اوقات کیا ہے، مریم اورنگزیب
January 24, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) ترجمان نون لیگ مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کی تقریر پر جوابی وار کرتے ہوئے کہا دھمکی کس کو دی، بتاؤ اپنی اوقات کیا ہے، عوام کو بےروزگار، ملک کو کنگال اور معیشت کو تباہ کردیا۔

وزیراعظم عمران خان کی تقریر پر ہنگامہ برپا ہوگیا، نون لیگ ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ آپ کہتے ہیں سڑکوں پر آؤں گا، آپ آئیں تو سہی عوام آپ کو خود جواب دیں گے۔ اقتدار کے ساڑھے تین سال حکمرانی کے بعد بھی کہتے ہیں اب میں چھوڑوں گا، اب خدا کا واسطہ ہے اس قوم کی جان چھوڑ دیں۔

اُنہوں نے کہا کہ عمران خان کو کرسی جانے کا خوف ہے، آپ نے باپ کے سامنے بیٹی کو ہتھکڑیاں لگائیں، ن لیگی قیادت کو موت کی چکیوں میں رکھا، اس سب کا حساب دینا ہوگا۔ عدالتوں سے فیصلے لے کر ن لیگی قیادت و کارکن سرخرو ہوئے۔ جھوٹے الزامات اور انتقام نے ہمارا خوف ختم کردیا۔ عمران خان  سیاسی شہید بننے کی کوشش نہ کریں۔

مریم اورنگزیب بولیں کہ آپ نے پاکستان کی قومی سلامتی، وفاق، اس کی اکائیوں کو کمزور کیا۔ عوام کو روٹی، چینی اور دوائی لینے کے قابل نہیں چھوڑا، نوازشریف اپنی مرضی سے وطن واپس آئیں گے، اس حکومت نے میڈیکل رپورٹ دی تھی کہ ہمارے پاس نواز شریف کی بیماری کا علاج نہیں۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے محنت سے اس ملک کو ترقی دی، عوام کو خوشحالی دی ہم ہر آئینی و پارلیمانی طریقہ استعمال کرکے اس کو گھر بھیجیں گے، تیاری مکمل ہے۔