Friday, March 29, 2024

دھمکی آمیز خط تحریک عدم اعتماد سے ایک دن پہلے ملا، وزیراعظم عمران خان

دھمکی آمیز خط تحریک عدم اعتماد سے ایک دن پہلے ملا، وزیراعظم عمران خان
March 29, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے دھمکی آمیز خط تحریک عدم اعتماد سے ایک دن پہلے ملا۔ خط کا براہ راست تعلق تحریک عدم اعتماد سے ہے۔

وزیراعظم نے چند روز قبل اسلام آباد کے جلسے میں غیرملکی طاقتوں کی طرف سے ملنے والے جس دھمکی آمیز خط کو لہرایا اب اس خط کے کچھ مندرجات بھی وہ سامنے لے اْئے ہیں۔ پارٹی ترجمانوں کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا تحریک عدم اعتماد سے ایک روز پہلے خط ملا جس کا براہ راست تعلق تحریک عدم اعتماد سے تھا۔ انہوں نے کہا پاکستان میں عالمی طاقتیں ہمیشہ حکومتوں پر اثرانداز رہی ہیں۔ قوم سے وعدہ کیا ہے کبھی کسی کے آگے نہیں جھکوں گا۔

وزیراعظم  نے دھمکی آمیز خط چیف جسٹس آف پاکستان کے ساتھ شیئر کرنے کی پیشکش کر دی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے سامنے خط اس لیے پیش نہیں کر سکتے کیونکہ اپوزیشن کو اسپیکر پر اعتبار نہیں۔ انہوں نے پارٹی ترجمانوں کو ہدایت کی کہ وہ خط کا معاملہ میڈیا پر اجاگر کریں۔

سیاسی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد ناکام ہو گی۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے ارکان  نے رابطے شروع کر دئیے جلد وہ حکومت میں واپس ہوں گے۔ آئندہ چند روز میں تمام تر صورتحال واضح ہو جائے گی۔

ترجمانوں کے اجلاس میں پنجاب کی وزارت اعلیٰ ق لیگ کو دینے پر وزیراعظم سے سوالات کیئے گئے جس پر وزیراعظم نے کہا ق لیگ کو وزارت اعلی دینے کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا ہے، ن لیگ کا مقابلہ پی ٹی آئی اور ق لیگ مل کر سکتے ہیں۔ عثمان بزدار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے  باعزت طریقے سے وزارت اعلی کی قربانی دی۔ کچھ لوگ ذاتی مفاد کیلئے ضمیر فروش بن جاتے ہیں۔