Friday, May 3, 2024

دھمکی آمیز خط پر 3 ہفتے خاموش کیوں رہے؟ شہباز شریف

دھمکی آمیز خط پر 3 ہفتے خاموش کیوں رہے؟ شہباز شریف
April 1, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کہتے ہیں دھمکی آمیز خط پر3ہفتے خاموش کیوں رہے؟ کیا آپ اتنے معصوم ہیں کہ امریکا کا نام لے دیا۔

جمعہ کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم گالم گلوچ کرتے ہیں، ان کی تقریر نہیں سنتا۔ وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں زہر اگلا، یہ ڈرامے بازی کس کو دکھا رہے ہیں، اگر امریکا سازش کا ذمہ دار ہے تو اوآئی سی میں کیوں بلایا؟ انہوں نے کہا عمران خان نیازی کے پونے 4 سالہ اقتدار نے پاکستان کی معیشت اور بیرونی تعلقات کو نقصان پہنچایا۔

شہبازشریف نے کہا کہ آپ کس کو بیوقوف بنا رہے ہیں، کبھی دھمکیاں دیتے ہیں، کبھی احتساب کا واویلا کرتے ہیں۔ ہم نے تحریک عدم اعتماد کے لیے قانون اور آئین کا راستہ اپنایا، کل وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد آنے پر عمران خان کو شکست فاش ہوگی۔ ووٹنگ والے دن سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل نہ کرنے پر قانونی راستہ اختیار کریں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری ہے، آپ کو اپنے اقتدار کی پڑی ہوئی ہے۔ ریاست مدینہ کا نام لیکر ملک کی عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں، غربت کو ختم کرنے کیلئے اپنی جان لڑائیں گے۔

شہبازشریف بولے کہ میں کوئی بڑا بول نہیں بولنے جارہا، میں نے کبھی اپنے ادوار میں کرپشن خاتمے کا اعلان نہیں کیا، عمران خان کہتا تھا کہ 90 دن میں کرپشن کا خاتمہ کردوں گا، اللہ کے فضل سے کبھی کرپشن کے خاتمے کا ڈھنڈورا نہیں پیٹا۔ میرے ادوار میں ایک دھیلے کی کرپشن نہیں ہوئی، میرے ادوار میں ترقیاتی منصوبوں میں اربوں کھربوں روپے کی بچت کی گئی۔

اپوزیشن رہنماء بولے کہ بھارت اور ملک کے لوگوں کے حوالے سے وہ نیوٹرل کی کچھ اور تشریح کرتے ہیں۔ آج کل عمران خان بھارتی خارجہ پالیسی کی تعریف کر رہے ہیں۔ یورپ کے خلاف باتیں کرکے پاکستان کے خلاف سازش کرتے ہیں۔ سکیورٹی کونسل کے اجلاس کا کوئی اعلامیہ جاری نہیں ہوا۔ سکیورٹی کونسل کے اجلاس میں سازش کا ایک لفظ بھی نہیں ہے۔

شہبازشریف نے مزید کہا کہ شاہ محمود نے کہا سعودی عرب کے بغیر ہی کشمیر کا مقدمہ لڑ سکتے ہیں، متحدہ اپوزیشن نے مجھے وزارت عظمیٰ کا عہدہ سونپا تو یہ مہربانی ہے۔ نواز شریف اپنے علاج کے بعد جلد از جلد پاکستان آئیں گے۔ ہم عوام کی بدترین مشکلات دور کرنے کی کوشش کریں گے، ہم سب کے ساتھ اچھے تعلقات بنانے کی کوشش کریں گے۔