Sunday, September 8, 2024

دھمکی آمیز خط، امریکا پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کررہا ہے، روس کا ردعمل

دھمکی آمیز خط، امریکا پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کررہا ہے، روس کا ردعمل
April 5, 2022 ویب ڈیسک

ماسکو (92 نیوز) - دھمکی آمیز امریکی خط، روس کا رد عمل آگیا، ترجمان روسی وزارت خارجہ ماریہ زخارووا کا کہنا ہے کہ امریکا پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کررہا ہے۔

ترجمان روسی وزارت خارجہ نے کہا کہ امریکا نے عمران خان کا دورہ روس منسوخ کرنے کیلئےدباؤ ڈالا، پاکستان کی جانب سے امریکی دباؤ مسترد کردیا گیا۔ دورہ منسوخ نہ کرنے پر امریکا نے وزیراعظم عمران خان کو سزا دینے کا فیصلہ کیا۔

ماریہ زخارووا کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کیخلاف اچانک عدم اعتماد کی تحریک جمع کرادی گئی۔ امریکی اہلکار نے یوکرین پر پاکستانی قیادت کے متوازن ردعمل کی مذمت کی۔

ادھر دوسری جانب دھمکی آمیز خط کے معاملہ پر امریکا  نے الزامات پھر مسترد کردئیے۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈ پرائس کہتے ہیں امریکا پر لگائے گئے الزامات میں قطعی صداقت نہیں، کسی ایک سیاسی جماعت کو سپورٹ نہیں کرتے۔

انہوں نے مزید کہا امریکا قانون کی حکمرانی اور اس کے تحت برابری کے اصولوں کو سپورٹ کرتا ہے، یہ اصول صرف پاکستان کیلئے نہیں، دنیا کے دوسرے ممالک کے لئے بھی ہے۔