اسلام آباد (92 نیوز) - دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے کیس میں پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید، عامر کیانی اور راجہ خرم نواز کی ضمانت منظور ہو گئی۔
کار سرکار میں مداخلت اور احتجاج کے خلاف تھانہ آئی نائن میں درج مقدمہ کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس نے کی۔ عدالت نے پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید، عامر کیانی اور راجہ خرم نواز کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔ عدالت نے گزشتہ روز دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ گنتی ختم ہو گئی لیکن مقدمات ختم نہیں ہو رہے۔ حکومت نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کو دہشت گرد بنا دیا۔ عمران خان پر ابھی بھی مقدمات درج ہیں۔ ملک کے برے حالات ہیں، معیشت گِر گئی ہے۔ شفاف انتخابات کی جانب جلد جائیں گے، پرامن احتجاج ہو گا۔