Sunday, September 8, 2024

دبئی سے ووٹن کرکٹ لمیٹڈ سے پی ٹی آئی کو دو اعشاریہ ایک ملین ڈالرز کی فنڈنگ ہوئی، اکبر ایس بابر

دبئی سے ووٹن کرکٹ لمیٹڈ سے پی ٹی آئی کو دو اعشاریہ ایک ملین ڈالرز کی فنڈنگ ہوئی، اکبر ایس بابر
January 6, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) اکبر ایس بابر کا کہنا ہے دبئی سے ووٹن کرکٹ لمیٹڈ سے پی ٹی آئی کو دو اعشاریہ ایک ملین ڈالرز کی فنڈنگ ہوئی۔

اکبر ایس بابر نے ویڈیو بیان میں کہا قانون کہتا ہے کہ کوئی پاکستانی شہری انفرادی حیثیت میں فنڈنگ کر سکتا ہے۔ کمپنی کسی سیاسی جماعت کو فنڈنگ نہیں کر سکتی۔ سوال یہ پیدا ہو رہا کہ ایک ووٹن کرکٹ لمیٹڈ نے پی ٹی آئی کو اتنی فنڈنگ کیوں کی ؟ انہوں نے کہا سائمن کارک وال اسٹریٹ جنرل کے صحافی تھے۔ انہوں نے ابراج پر کتاب لکھی ہے۔ وہ یہ کہتے ہیں کہ دبئی کے اس ووٹن کرکٹ لمیٹڈ کا تعلق عارف نقوی اور ابراج سے ہے۔ اگر اس کا تعلق ابراج اور عارف نقوی سے ہے تو اس کے اور بھی برے نتائج ہیں۔

اکبر ایس بابر بولے نیویارک میں عارف نقوی پر کیس چل رہا ہے۔ 1 بلین ڈالرز کی بے قاعدگیاں ہوئی ہیں۔ وہ ایک ایک پیسے کو ٹریس کریں گے۔ عارف نقوی کے پارٹنرز وعدہ معاف گواہ بن چکے ہیں۔ اگر کیس نیورک میں چلا تو ایف بی آئی بھی تحقیقات کرے گی کہ پیسہ گھوم گھما کے پی ٹی آئی کے اکاؤنٹ میں کیسے پہنچ گیا۔

انہوں نے کہا ابھی کس حد تک یہاں سے فنڈنگ ہوئی یہ بھی ابھی دیکھنا باقی ہے کیونکہ یہ تفصیلات ابھی 2013 تک ہیں۔ اس کے بعد دھرنا بھی چلا۔ عارف نقوی عمران خان کی اکنامک ایڈوائزری ٹیم میں بھی تھے۔ جب عارف نقوی گرفتار ہوئے تو انہوں نے فسٹ کنیکٹ کے طور پر عمران خان کا نمبر دیا تھا۔