Thursday, April 25, 2024

ڈبلیو ٹی آئی آئل اعشاریہ دو ڈالر اضافے سے ایک سو چھ ڈالر فی بیرل ہو گیا

ڈبلیو ٹی آئی آئل اعشاریہ دو ڈالر اضافے سے ایک سو چھ ڈالر فی بیرل ہو گیا
March 29, 2022 ویب ڈیسک

نیو یارک (92 نیوز) - خام تیل کی عالمی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا۔ ڈبلیو ٹی آئی آئل اعشاریہ دو ڈالر اضافے سے ایک سو چھ ڈالر فی بیرل ہو گیا۔

روس نے یورپی یونین کو گیس کی ادائیگی روبل میں کرنے کیلئے 31 مارچ کی ڈیڈلائن دے دی۔ ترجمان کریملن دمتیری پیکوف کا کہنا ہے کہ یورپ نے روسی کرنسی میں ادائیگی نہ کی تو سپلائی بند کر دی جائے گی۔

دوسری طرف جی سیون ممالک نے روس کو روبل میں ادائیگیوں کی تجویز مسترد کردی ۔ ورچوئل کانفرنس میں جرمن وزیر توانائی رابرٹ ہیبیک کا کہنا تھا کہ یورپی کمپنیاں روسی صدر کے مطالبے کی تعمیل نہ کریں ۔

ادھر بھارت نے روسی تیل روبل میں خریدنے کا فیصلہ کیا ہے جس کیلئے پانچ قومی بینکوں کو روبل میں ادائیگیاں کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ انڈین ایکسپورٹ فیڈریشن کے مطابق روبل، روپیہ ادائیگی نظام پر امریکی پابندیاں اثرانداز نہیں ہوں گی۔

اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات کے وزیر پٹرولیم سہیل المزروی نے امریکا اور یورپ کو خبردار کیا ہے کہ اگر روس نے تیل کی سپلائی بند کردی تو قیمتیں کنٹرول سے باہر ہوجائیں گی کیونکہ عالمی مارکیٹ میں روسی تیل کا کوئی متبادل نہیں۔

دوسری طرف یوکرین اور روس میں مذاکرات کے آغاز اور چین میں کورونا پابندیوں کے بعد ڈیمانڈ میں کمی سے عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں 10ڈالر تک کمی دیکھی جارہی ہے۔ فی بیرل برینٹ کروڈ آئل 111، 20 سینٹ کا ہو گیا جبکہ ڈبلیو ٹی آئی کروڈ آئل کے مستقبل کے سودے 104 ڈالر اور 80سینٹ میں طے ہوئے۔

عالمی  مارکیٹ میں قیمتی دھاتیں بھی سستی ہوئی ہیں۔ سونے کی  فی اونس قیمت  17 ڈالر کی کمی  سے ایک ہزار، 922 ڈالر ہو گئی۔ پلاٹینیم 4 ڈالر سستا ہونے کے بعد فی اونس 986 ڈالر جبکہ پلاڈیئم 90 سینٹ کی کمی کے بعد 2ہزار، 241 ڈالر فی اونس ہو گیا۔

عالمی مارکیٹ میں ملائیشین  پام آئل کی فی  ٹن قیمت میں بھی    9 ڈالر کی کمی آئی جس کے بعد فی ٹن پام آئل ایک ہزار، 560 ڈالرکا ہو گیا۔

امریکی اسٹاک  مارکیٹ میں بھی 2 ہفتے کی مندی کے بعد معمولی بہتری آئی۔ ڈاؤ جونز انڈسٹریل  انڈیکس    94  اور نیسڈیک   کمپوزٹ انڈیکس   میں 185 پوائنٹ کا اضافہ ہوا۔