Saturday, April 27, 2024

عدالت نے صحافی محسن بیگ کے جسمانی ریمانڈ میں 3 روز کی توسیع کردی

عدالت نے صحافی محسن بیگ کے جسمانی ریمانڈ میں 3 روز کی توسیع کردی
February 18, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے صحافی محسن بیگ کے جسمانی ریمانڈ میں 3 روز کی توسیع کردی۔

انسداددہشتگردی عدالت نے صحافی محسن بیگ کے جسمانی ریمانڈ میں تین روز کی توسیع کردی محفوظ فیصلہ سنادیا گیا۔ 21 فروری کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ دو ملازمین کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔

دوران سماعت وکیل لطیف کھوسہ نے دلائل دئیے کہ اینکر نے پروگرام میں پوچھا مراد سعید کو کیوں پہلا نمبر دیا گیا؟ محسن بیگ نے اینکر کوجواب دیا مجھے نہیں معلوم، شاید ریحام کی کتاب میں لکھا ہے، اس میں تضحیک کہاں سے آگئی؟ محسن بیگ نے کتاب لکھی نہ نشر کیا۔ پیکا کی دفعات کیسے لگ گئیں؟ مراد سعید نے ایف آئی آر میں ریحام کی کتاب کے صفحہ نمبر 273 کا حوالہ دیا موصوف وزیر خود بتا رہے ہیں کہ ریحام کی کتاب میں ان کے حوالے سے کہاں اور کیا لکھا ہے۔ پکڑنا ہے تو ریحام خان کو پکڑو۔

وکیل محسن بیگ نے کہا کہ چھاپے میں چادر چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔ نصف گھنٹے میں ایف آئی آر ہوئی، انکوائری ہوئی، ٹیم لاہور سے اسلام آباد پہنچ گئی۔ یہ سب فراڈ ہوا ہے، سپر سانک جہاز سے بھی آدھے گھنٹے میں نہیں پہنچ سکتے تھے۔

محسن بیگ نے میڈیکل رپورٹ حاصل کرنے کیلئے انسدادِ دہشت گردی عدالت میں درخواست دائر دیدی۔ ایف آئی اے کی جانب سے بدترین تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔ عدالت میڈیکل رپورٹس فراہم کرنے کا حکم دے۔