Thursday, March 28, 2024

ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 239 روپے 94 پیسے پر پہنچ گیا

ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 239 روپے 94 پیسے پر پہنچ گیا
July 28, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - ڈالر ملکی تاریخ میں نئی اونچائیاں رقم کرتا جارہا ہے، روپیہ روز بروز بےقدر ہورہا ہے، آج انٹربینک میں ڈالر 3 روپے 92 پیسے مہنگا ہوکر 239 روپے 94 پیسے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں بھی تین روپے بڑھ کر 244 روپے کا ہوگیا۔

ملک کی معاشی صورتحال اور بدلتا سیاسی منظر نامہ ڈالر کو بے قابو کرتا جا رہا ہے، روپیہ تو لگتا ہے ڈالر کے مقابل رہا ہی نہیں۔ امریکی ڈالر آج پھر اونچائیوں کو چھو رہا ہے۔ آج انٹربینک میں ڈالر تین روپے 92 پیسے کی چھلانگ مار کر 239 روپے 94 پیسے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

اوپن مارکیٹ کی بات کریں تو یہاں ڈالر اڑھائی سو کے ہندسے سے صرف چھ روپے دور رہ گیا ہے۔ اوپن مارکیٹ میں بھی آج ڈالر تین روپے کے اضافے سے 244روپے کا ہوگیا۔

کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ، غیر یقینی کی صورتحال اور عالمی مالیاتی اداروں کی جانب فنڈنگ میں تاخیر روپے کو بے قدر کرتی جارہی ہے۔ چار جولائی سے لے کر اب تک انٹربینک میں ڈالر 35.09 روپے مہنگا ہوچکا ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 39روپے کا اضافہ ہوا ہے۔