Friday, April 19, 2024

ڈالر کی قیمت بڑھنے کے بعد پاکستانی ٹیکسٹائل ایکسپورٹ کے آرڈر میں کمی آگئی

ڈالر کی قیمت بڑھنے کے بعد پاکستانی ٹیکسٹائل ایکسپورٹ کے آرڈر میں کمی آگئی
October 3, 2022 ویب ڈیسک

فیصل آباد (92 نیوز) - ڈالر کی قیمت بڑھنے کے بعد پاکستانی ٹیکسٹائل ایکسپورٹ کے آرڈر میں کمی آگئی، جس سے اس متعدد ایکسپورٹ یونٹ بند ہو رہے ہیں، کئی ملز مالکان نے مزدوروں کو بھی فارغ کرنا شروع کردیا ہے۔

ٹیکسٹائل سیکٹر پر ایک بعد ایک بحران آن پڑا، ایکسپورٹ آڈرز میں کمی نے ملکی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو شدید بحران سے دوچار کر دیا۔

مسائل اس قدر بڑھ گئے کہ نوبت ملز کی بندش تک جا پہنچی ہے، صنعتی شہر میں ٹیکسٹائل کے ایکسپورٹ یونٹس بھی بند ہونے لگے ہیں۔

ٹیکسٹائل مالکان ہفتے میں 2 سے 3 روز فیکٹریوں کو بند رکھنے لگے ہیں، جبکہ اخراجات میں کمی کیلئے 24 گھنٹوں میں تین کے بجائے دو شفٹوں سے کام چلایا جا رہا ہے، ٹیکسٹائل مالکان کہتے ہیں کہ پہلے ڈالر کی قدر اور خام مال مہنگا ہونے نے کمر توڑ دی اور اب ایکسپورٹ آرڈر کم ملنے پر انڈسٹری مشکلات سے دوچار ہو گئی ہے جس کے اثرات ملکی معیشت پر بھی پڑیں گے۔

ٹیکسٹائل انڈسٹری بحران کے اثرات چھوٹے یونٹس پر بھی پڑے ہیں، جہاں مالکان نے فیکٹریاں بند کرنے کے ساتھ ساتھ مزدوروں کو فارغ کرنا شروع کر دیا ہے اور بحران مزید سنگین ہوتا جا رہا ہے۔