Tuesday, April 23, 2024

ڈالر فری ہینڈ ملتے ہی تاریخ کی بلند ترین سطح 255 روپے 43 پیسے پر پہنچ گیا

ڈالر فری ہینڈ ملتے ہی تاریخ کی بلند ترین سطح 255 روپے 43 پیسے پر پہنچ گیا
January 26, 2023 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) – ڈالر کے ریٹ پر کیپ ختم ہوتے ہی روپیہ تاریخ کی نچلی سطح تک کر گیا، انٹر بینک میں ڈالر ریکارڈ 24 روپے، 54 پیسے مہنگا ہوکر 255 روپے 43 پیسے کا ہوگیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 262 روپے تک پہنچ گئی۔

سرکاری سطح پر ڈالر کو قابو میں رکھنے کی کوششیں ناکام ثابت ہوئیں۔ سرکاری دباؤ ہٹتے ہی ڈالر ملکی تاریخ کی سب سے اونچی سطح پر پہنچ گیا۔ انٹر بینک میں ڈالر 24 روپے 54 پیسے مہنگا ہوکر 255 روپے 43 پیسے پر پہنچ گیا۔

اوپن مارکیٹ کی بات کریں تو یہاں بھی ڈالر روپے کو روند گیا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 19روپے کے اضافے سے 262روپے کا ہوگیا۔

دو روز قبل فاریکس ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ڈالر پر سے کیپ ہٹانے کا فیصلہ کیا تھا۔

آج انٹربینک میں ڈالر کو مارکیٹ ریٹ پر چھوڑ دیا گیا جس کے سبب ڈالر نے سب سے اونچی چھلانگ لگائی ہے۔ فاریکس ڈیلرز کے مطابق ڈالر کی قدر کو کنٹرول کرنے کی وجہ سے بلیک مارکیٹنگ اور ڈالر ہولڈنگ کی شرح بڑھی۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 270 روپے تک پہنچ گیا تھا جبکہ بینک بھی اضافی ریٹ کوڈ کررہے تھے۔

فاریکس ڈیلرزکا کہنا ہےکہ اس اقدام سے ڈالر اپنی سطح پر تو آجائے گا تاہم درآمدی اشیاء سمیت مہنگائی کا ایک سیلاب آنے کا خدشہ ہے۔ البتہ ڈالر کی بلیک مارکیٹنگ رکنے سے اس کی ترسیل بینکوں کے ذریعے بڑھے گی جس سے زرمبادلہ ذخائر پر دباؤ کم ہوگا۔