Friday, March 29, 2024

اب قرض لینے میں مشکلات بھی ہیں اور شرم بھی آتی ہے، مفتاح اسماعیل

اب قرض لینے میں مشکلات بھی ہیں اور شرم بھی آتی ہے، مفتاح اسماعیل
August 6, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) – وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے اب قرض لینے میں مشکلات بھی ہیں اور شرم بھی آتی ہے۔

ہفتہ کے روز کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈالر اپنی ڈیمانڈ بڑھنے کی وجہ سے مہنگا ہوا، ڈالر کو بھی ہم کنٹرول میں لے آئے ہیں۔ ڈالر کے سٹے میں اسٹیٹ بینک کی پالیسی مایوس کن رہی، بعض نجی بینکوں نے ڈالر کی سٹے بازی میں خوب منافع کمایا۔ ڈالر کی سٹے بازی ابھی بھی مکمل کنٹرول نہیں ہوئی، ڈالر کی اصل قیمت 192 روپے ہونی چاہئے مگر سٹے بازی کو نہیں روکا گیا، موجودہ حالات میں بھی بینک امپورٹرز کو پریشان کررہے ہیں۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ مشکل فیصلے کئے جس کی وجہ سے مہنگائی بڑھی، بجلی کی پیداوا بڑھنے کی باوجود صنعتی پیداوار نہیں بڑھی۔ اُنہوں نے کہا کہ ملک میں سیلاب کی صورتحال پر 5 ارب روپے خرچ ہوئے ہیں۔ بلوچستان کے سیلاب نے خطرناک تباہی مچائی ہے، کراچی کا صنعتکار پرائم منسٹر ریلیف فنڈ میں حصہ ڈالے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ دو تین ماہ بعد مہنگائی بھی کم ہوجائیگی، امپورٹ بند ہونے سے ڈالر میں مزید کمی ہوگی۔ مجھے اس وقت ملک کا سوچنا ہے، صرف ایک ہی کوشش ہے کہ ملک کو ڈیفالٹ سے بچانا ہے۔

پچھلے چار سالوں میں سابقہ حکومت نے ملکی قرضوں کو 79 فیصد بڑھا دیا۔ اتنا قرضہ بڑھے گا تو کرنٹ اکونٹ خسارا بڑھے گا۔ اب قرضے لینے میں مشکلات بھی ہیں اور شرم بھی آتی ہے، مشکل میں پاکستان کےعوام نے ہمارا ساتھ دیا۔