Friday, April 26, 2024

دعا منگی کیس، زوہیب قریشی کے فرار میں ملوث مفرور اے ایس آئی 2 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

دعا منگی کیس، زوہیب قریشی کے فرار میں ملوث مفرور اے ایس آئی 2 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
February 15, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) کراچی میں دعا منگی کیس کے اہم ملزم زوہیب قریشی کے فرار میں ملوث مفرور اے ایس آئی خالد کو 2 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

دعا منگی اغوا کیس کے اہم ملزم زوہیب قریشی کے فرار ہونے کے معاملے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ پولیس نے اے ایس آئی خالد کو گرفتار کر کے جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے ملزم خالد کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

تفتیشی افسر کے مطابق ملزم خالد بڑی چالاکی سے خود کو بچانے کیلئے کیس کا مدعی بن گیا تھا۔ تحقیقات کی گئیں تو معلوم ہوا کہ ملزم خالد کی ہدایت پر ہی ہیڈ کانسٹیبل نوید ملزم زوہیب کو لیکر آتے تھے۔

تفتیشی افسر کے مطابق ملزم خالد نے پولیس کے سامنے اقرار جرم کر لیا ہے۔ ملزم نے اعتراف کیا کہ حبیب ظفر اور نوید ملزم کو عدالت سے باہر لیکر جاتے تھے۔ پولیس اہلکار ملزم کو عدالت سے پرائیوٹ گاڑی میں جیل لے کر جا رہے تھے۔

ملزم نے طارق روڈ سے شاپنگ کرنے کا کہا تو شاپنگ مال لے گئے۔ ملزم زوہیب شاپنگ مال میں پولیس اہلکار کو جھانسہ دے کر فرار ہو گیا تھا۔