Friday, April 19, 2024

مجرم وزیراعظم بن کر جمہوریت سے کھیل رہا ہے : عمران خان

 مجرم وزیراعظم بن کر جمہوریت سے کھیل رہا ہے : عمران خان
October 17, 2016
اسلام آباد(92نیوز) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ایک  مجرم وزیراعظم بن کر جمہوریت سے کھیل رہا ہے ، اسلام آباد کا لاک ڈاون دو نومبر سے شروع ہوجائیگا، وکلا ء نے حامد خان کے ذریعے بتایا کہ 30 اکتوبر کو سپریم کورٹ بار کے الیکشن ہیں جس کی وجہ سے ہم نے دو تاریخ کو لاک اپ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔جو لوگ کرپٹ ہیں وہ سب نوا زشریف کے ساتھ ہیں ، جبتک وزیراعظم استعفیٰ نہیں دیتے یا اپنی تلاشی نہیں کراتے ہم اسلام آباد سے نہیں اٹھیں گے ۔ عوام کو بہتر مستقبل کیلئے کچھ روز تکلیف برداشت کرنا ہوگی ۔ تفصیلات کےمطابق پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہم نے دو نومبر کو اسلام آباد کو لاک کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اگر حکمرانوں نے کوئی شرارت کی تو اس کے بھیانک نتائج ہونگے ۔پرامن احتجاج ہمارا حق ہے اور جمہوریت میں ہم پرامن احتجاج کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم چھےماہ پہلے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں لیکن ہمیں انصاف نہیں مل رہا ہے کیونکہ تمام اداروں میں حکومت کے اپنے لوگ بیٹھے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ خود سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ نیب دو چارلاکھ کی کرپشن پکڑتا ہے جبکہ مگرمچھوں کو چھوڑدیتا ہے لیکن یہاں پرتو اربوں روپے کی منی لانڈرنگ ہوئی لیکن کوئی پوچھنے والا بھی نہیں ہے۔ہم نے تمام اداروں اور سپیکر کا رویہ بھی دیکھ لیا ہے جس کے بعد ہم احتجاج پر مجبور ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ  ایک مجرم ملک کا وزیراعظم بن گیا اورجمہوریت سے کھیل رہا ہے ملک میں ترقی برائے نام ہے صرف ڈویلپمنٹ شریفوں کے خاندان میں ہورہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ   جہاں شوگر مل کی اجازت نہیں تھی وہاں اپنے آپ کو ہی مل بنانے کی اجازت دے دی جو بادشاہت ہے  جمہوریت نہیں ۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے غیرقانونی ہتھکنڈے استعمال کئے تو ہمارے ورکر تیار ہیں یہ 2013والی پارٹی نہیں جس نے ڈنڈے کھائے تھے۔عمران خان نے کہا کہ  یہ ملک کی بدقسمتی ہے کہ سیاسی پارٹیز میں کرپشن کے خلاف جدوجہد کا جذبہ نہیں جبکہ اس معاملے میں نوازشریف اور زرداری ایک ہی پلیٹ فارم پر نظر آرہےہیں ۔میں حکومت کے احتساب کیلئے  کسانوں ،مزدوروں ،بے روزگاروں کو دعوت دے رہا ہوں کہ وہ اب سٹینڈ لیں اور یہی آخری موقع ہے کرپشن کے خلاف سٹینڈ لیا جائے اس کے بعد کوئی دھرنا یا جلسہ نہیں ہوگا ۔عمران خان نےکہا ہے کہ  یہ لوگ کرپشن اور باریوں کے لیے اپنے بچے تیار کررہے ہیں۔ بلاول بھٹو کے لانگ مارچ کے سوال پر جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  ستائیس دسمبر تک ہم کامیاب نا ہوئے تو پیپلز پارٹی کو نکلنے کی ضرورت نہیں پڑے گی کیونکہ ایشو ختم ہوچکا ہوگا ستائیس دسمبر کا وقت مکمل مک مکا ہے ۔   انہوں نے کہا کہ میاں صاحب جیلوں سے ڈرتے ہیں سابق صدر آصف زرداری نے خود کہا کہ اٹک جیل میں نوازشریف کے آنسوؤں سے ٹشو بھرے ہوئے تھے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر کسی بھی کیس میں مجھے اشتہاری قرار دلواکر نظر بند کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کا بھی برا انجام ہوگا اور اس کے بعد ہم حکومت کو تو کبھی بھی چلنے نہیں دینگے ۔ان کا کہناتھا کہ احتجاج کو کامیاب بنانے کیلئے ہم نے فنڈریزنگ کی بھی اپیل کی ہے اور اس مرتبہ ہم کامیاب ہوجائیں گے ۔