Saturday, May 4, 2024

سی پیک سے پاکستان اور چین کےعلاوہ خطے کے دیگر ممالک کو بھی فائدہ ہوگا

سی پیک سے پاکستان اور چین کےعلاوہ خطے کے دیگر ممالک کو بھی فائدہ ہوگا
November 13, 2016
گوادر(92نیوز)دنیا بھر میں تکمیل سے پہلے ہی شہرت حاصل کرنے والا سی پیک منصوبہ اپنی نوعیت کا انوکھا پراجیکٹ ہے جس میں نہ صرف پاکستان اور چین کو فائدہ ہوگا بلکہ اس سے خطے کے دیگر ممالک بھی فائدہ اٹھا سکیں گے  اس منصوبے کا سب سے اہم حصہ گوادر بندرگاہ ہے ۔۔ تفصیلات کےمطابق عظیم الشان پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے عالمی شہرت کے حامل اس منصوبے کاآغاز گوادر سے ہوا ہے گوادر کے ساحل کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ قریبی جزیرے میں پرتگالیوں کا قبضہ تھا  جسے مقامی قبائل نے آزاد کرایا  بعد میں کچھ حصہ عمان کے قبضے  میں چلا گیا جسے  1958میں فیلڈ مارشل ایوب خان نے خرید لیا یوں گوادر پاکستان کی شناخت بنا، 2013میں  سی پیک شروع ہوا تو فیصلہ ہوا کہ گوادر اس منصوبے کا دروازہ ہوگا۔ منصوبے پر کام کرنے والے چینی انجینئروں کا کہنا ہے کہ گوادر کی بندرگاہ قدرتی طور پر ہی اس منصوبے کے لئے بہترین چوائس ہے ۔ سی پیک منصوبے کے شروع ہوتے ہی علاقے کی قسمت بھی جاگ گئی ہے بلوچستان بدل رہا ہے اور ملکی ترقی میں سے حصہ لے رہا ہے  رپورٹس کے مطابق ایسی ترقی صوبے میں پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی  مقامی لوگ بھی خوشی سے نہال ہیں دشمن ملک اس خوشحالی سے بھلا کیسے خوش رہ پاتا یہی وجہ ہے کہ اس منصوبے کو سکیورٹی چیلنجز بھی درپیش ہیں  اور اس کا ذمہ اٹھایا ہے  پاکستان نیوی نے جس کے چاق و چوبند دستے ہر وقت سمندری حدود پر نظر رکھتےہیں۔ علاقے کی معاشی ترقی پر چینی حکام اور آفیشلز بھی خوش ہیں دوست ملک کے یہ دوست کہتے ہیں ماہی گیری کی صنعت کو نئی جلا بخشی جارہی ہے  ماربل کی صنعت کو بھی فروغ دیا جائے گا جس سے علاقے میں مزید ترقی ہوگی ۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ بلاشبہ دونوں ممالک کی شاندار دوستی کا مظہر ہے دونوں ممالک کے عوام اس منصوبے کی جلد تکمیل کے لئے دعاگو ہیں ۔