Wednesday, May 8, 2024

انسداد پولیو کی ملک گیر مہم کا آغاز ہو گیا

انسداد پولیو کی ملک گیر مہم کا آغاز ہو گیا
September 27, 2016
کراچی (92نیوز) سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے کئی اضلاع میں پولیومہم شروع ہو گئی جو تین روز تک جاری رہے گی۔ مہم کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق انسداد پولیو کی ملک گیر مہم کا آغاز ہو گیا۔ تین روزہ مہم کے دوران لاکھوں بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ شہرشہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ کمشنرکراچی اعجاز احمد خان نے سوبھراج میٹرنٹی ہوم اسپتال میں پولیومہم کا افتتاح کیا۔ مہم میں22 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے جبکہ 12 ہزار پولیو رضا کار فرائض انجام دیں گے۔ ان ٹیموں کی سکیورٹی کے لیے 6 ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ ادھر خیبرپختونخوا کے تئیس اضلاع میں پولیو مہم جاری ہے۔ مہم کے دوران56 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ انسداد پولیو مہم کے لیے 19 ہزار سے زائد رضا کار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے تیس اضلاع میں بھی پولیومہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔ مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے 24لاکھ 75ہزارسے زائد بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ مہم کےلئے 6ہزار 6سو 47 ٹیمیں متعین کی گئی ہیں۔ سکیورٹی پر ایف سی‘ پولیس اور بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکار تعینات ہیں۔