Friday, April 19, 2024

کور کمانڈر کانفرنس میں انڈیا کا سرجیکل سٹرائیک کا دعویٰ مسترد

کور کمانڈر کانفرنس میں انڈیا کا سرجیکل سٹرائیک کا دعویٰ مسترد
October 14, 2016
اسلام آباد (92نیوز) پاک فوج نے انگریزی اخبار کی خبر پر شدید تشویش کا اظہارکرتے ہوئے اسے قومی سلامتی کے منافی قرار دے دیا۔ کور کمانڈرز کانفرنس میں سرجیکل سٹرائیکس کے بھارتی دعوے کو پھر مسترد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کسی بھی ایڈونچر کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کہتے ہیں کہ ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کرکے اسے ترقی کی طرف لے جائیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شرکاءکاکہنا تھا کہ جھوٹی اور بے بنیاد خبر شائع کرنا قومی سلامتی کے منافی ہے۔ گزشتہ دنوں وزیراعظم ہاوس میں ہونے والے اجلاس سے متعلق جھوٹی خبر فیڈ کرکے قومی سلامتی میں رخنہ ڈالا گیا۔ کانفرنس میں کنٹرول لائن کی تازہ ترین صورتحال اور پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔ شرکاءنے سرجیکل سٹرائیکس کے بھارتی دعوے کو ایک بار پھر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے توجہ ہٹانے کےلئے کیا گیا۔ شرکاءنے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ کسی بھی مس ایڈونچر کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا۔ ملکی سرحدوں کا دفاع ہر صورت یقینی بنائیں گے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کانفرنس میں آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار بھی کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کاکہنا تھا کہ پورے ملک میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن جاری رکھے جائیں گے۔ نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد سے دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ ممکن ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردی کےخلاف جنگ سے حاصل ہونیوالی کامیابیوں کو ضائع نہیں ہونے دیا جائیگا۔ ملک کو ترقی و خوشحالی کی طرف لے کر جائیں گے۔