Friday, March 29, 2024

کورونا پھیلاؤ کی شرح میں کمی آگئی، مزید 37 افراد چل بسے

کورونا پھیلاؤ کی شرح میں کمی آگئی، مزید 37 افراد چل بسے
February 8, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) ملک بھر میں کورونا کے پھیلاؤ میں نمایاں کمی آگئی، مثبت کیسز کی شرح 5.34 فیصد ہوگئی، 24 گھنٹے میں مزید 37 افراد چل بسے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2 ہزار 799 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، 16 سو 68 مریضوں کی حالت تشویش ناک بتائی گئی۔

ملک میں مثبت کیسزکی شرح 5عشاریہ 34 ہوگئی، آزاد کشمیر میں مثبت کیسز کی شرح 12عشاریہ 46 فیصد ریکارڈ، جہلم ویلی میں 31.43 اور کوٹلی میں 22.83 فیصد شرح رہی۔

مظفرآباد میں 9.54 فیصد اور پونچھ میں 9.38 فیصد شرح ریکارڈ کی گئی، میرپور آزاد کشمیر میں مثبت کیسز کی شرح 10.61 فیصد رہی۔

خیبرپختونخوا میں مثبت کیسز کی شرح 9.8 فیصد رہی، کوہاٹ میں 33 فیصد اور پشاور میں شرح 22 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ مالاکنڈ میں 26، دیر میں 29 اور مردان میں 19 فیصد شرح رہی۔ نوشہرہ 15، چارسدہ 14 اور ایبٹ آباد میں 12فیصد رہی۔

پنجاب میں مثبت کیسزکی شرح 2 فیصد ریکارڈ کی گئی، لاہور، ملتان اور گوجرانوالہ میں 4 فیصد شرح رہی، راولپنڈی اور فیصل آباد میں شرح 2 فیصد ریکارڈ کی گئی۔